پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاضل کاشمیری کی غزلیں — Fazil Kashmiri Ghazals

فاضل کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں سمجھا تھا محبت پھر محبت ہے مزا دے گی (غزل)

میں سمجھا تھا محبت پھر محبت ہے مزا دے گی

یہ کیا معلوم تھا ظالم شب فرقت رلا دے گی

مجھے بس دیکھ لو تم میں زباں سے کچھ نہیں کہتا

مرے دل کی جو حالت ہے مری صورت بتا دے گی

سن اے غافل یہ سیر باغ ہستی تا بہ کے آخر

قضا اک دن تجھے آغوش تربت میں سلا دے گی

غلط ہے یہ وہ آئیں گے نہ آئے ہیں نہ آئیں گے

بتا اے شام غم کب مجھ کو پیغام قضا دے گی

وہ گھڑیاں گن رہا ہے موت کی اے وائے ناکامی

جو کہتا تھا محبت زندگی میری بنا دے گی

برا ہو یا خدا کم بخت اس برباد قسمت کا

جہاں پر آشیاں ہوگا وہیں بجلی گرا دے گی

سوائے تیرے اب کوئی نہیں ہے تیرے فاضلؔ کا

الٰہی تیری رحمت ہی اسے کچھ آسرا دے گی

دونوں عالم سے نرالی عشق کی سرکار ہے (غزل)

دونوں عالم سے نرالی عشق کی سرکار ہے

ہوش سے جو بے خبر ہے وہ یہاں ہوشیار ہے

رو رہے ہیں خون کے آنسو مرے زخم جگر

دل مرے پہلو میں ہے یا دیدۂ خوں بار ہے

آ گیا عہد خزاں رخصت ہوئی فصل بہار

شاخ گل پر نوحہ گر پھر عندلیب زار ہے

آنکھ ملنا تھا کہ رخصت ہو گئے صبر و قرار

کیا اسے دیدار کہتے ہیں یہی دیدار ہے

ہجر کی راتیں مری ہو جائیں گھڑیاں وصل کی

یہ تمہیں آسان ہے میرے لئے دشوار ہے

اللہ اللہ معجزہ ہے کیا شراب حسن کا

جو تری محفل میں ہے وہ بے پیے سرشار ہے

کیوں نہ اے فاضلؔ کروں میں پھر پرستش حسن کی

دیکھتا ہوں ذرہ ذرہ عالم انوار ہے

مزید غزلیں از فاضل کاشمیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں