پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضا ابن فیضی کی غزلیں — Faza Ibn E Faizi Ghazals

فضا ابن فیضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں کے خواب دل کی جوانی بھی لے گیا (غزل)

آنکھوں کے خواب دل کی جوانی بھی لے گیا

وہ اپنے ساتھ میری کہانی بھی لے گیا

خم چم تمام اپنا بس اک اس کے دم سے تھا

وہ کیا گیا کہ آگ بھی پانی بھی لے گیا

ٹوٹا تعلقات کا آئینہ اس طرح

عکس نشاط لمحۂ فانی بھی لے گیا

کوچے میں ہجرتوں کے ہوں سب سے الگ تھلگ

بچھڑا وہ یوں کہ ربط مکانی بھی لے گیا

تھے سب اسی کے لمس سے جل تھل بنے ہوئے

دریا مڑا تو اپنی روانی بھی لے گیا

اب کیا کھلے گی منجمد الفاظ کی گرہ

وہ ہمت کشود معانی بھی لے گیا

سر جوشیٔ قلم کو فضاؔ چپ سی لگ گئی

وہ جاتے جاتے شعلہ بیانی بھی لے گیا

اچھا ہوا میں وقت کے محور سے کٹ گیا (غزل)

اچھا ہوا میں وقت کے محور سے کٹ گیا

قطرہ گہر بنا جو سمندر سے کٹ گیا

زندہ جو بچ گئے ہیں سہیں نفرتوں کے دکھ

اپنا گلا تو پیار کے خنجر سے کٹ گیا

موسم بھی منفعل ہے بہت کیا بھروں اڑان

رشتہ ہواؤں کا مرے شہ پر سے کٹ گیا

پلکوں پر اپنی کون مجھے اب سجائے گا

میں ہوں وہ رنگ جو ترے پیکر سے کٹ گیا

وہ میل جول حسن و بصیرت میں اب کہاں

جو سلسلہ تھا پھول کا پتھر سے کٹ گیا

میں دھوپ کا حصار ہوں تو چھاؤں کی فصیل

تیرا مرا حساب برابر سے کٹ گیا

کتنا بڑا عذاب ہے باطن کی کشمکش

آئینہ سب کا گرمیٔ جوہر سے کٹ گیا

سب اپنی اپنی ذات کے زنداں میں بند ہیں

مدت ہوئی کہ رابطہ باہر سے کٹ گیا

دیکھا گیا نہ مجھ سے معانی کا قتل عام

چپ چاپ میں ہی لفظوں کے لشکر سے کٹ گیا

اس کے انا کی وضع تھی سب سے الگ فضاؔ

کیا شخص تھا کہ اپنے ہی تیور سے کٹ گیا

مزید غزلیں از فضا ابن فیضی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں