فیاض الدین صائب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الفاظ گفتگو کے لیے اب نہیں رہے (غزل)
الفاظ گفتگو کے لیے اب نہیں رہے
محسوس ہو رہا ہے مرے لب نہیں رہے
مانا کہ فاصلے ہیں بہت پھر بھی یہ بتا
ہم تیرے ساتھ ساتھ بھلا کب نہیں رہے
کچھ دیر گفتگو میں تو شائستہ وہ رہا
پھر یوں ہوا کہ ہم بھی مہذب نہیں رہے
تیشے سے کوئی دودھ کی نہریں نکال دے
ہاتھوں میں اب وہ عشق کے کرتب نہیں رہے
ہاتھوں کو اس کی فتح کی خاطر اٹھا دیا
دیکھا کہ اس کے تیر و کماں جب نہیں رہے
تمہارے ظلم کی میعاد گھٹ بھی سکتی ہے (غزل)
تمہارے ظلم کی میعاد گھٹ بھی سکتی ہے
یہ میرے پاؤں کی زنجیر کٹ بھی سکتی ہے
جو سچ کہا ہے تو اس کی سزا بھی جانتا ہوں
مجھے خبر ہے زباں میری کٹ بھی سکتی ہے
دلوں کے بیچ جو دوری ہے اس کو ختم کریں
یہ سرحدوں کی رکاوٹ تو ہٹ بھی سکتی ہے
مجھے شکست نظر آ رہی ہے خود اپنی
مگر یقین ہے بازی پلٹ بھی سکتی ہے
مری نظر کو نہ آمادۂ نظارہ کر
مری نظر ترے رخ سے لپٹ بھی سکتی ہے
غریب لوگو، ستم گزیدہ عجیب لوگو (نظم)
غریب لوگو، ستم گزیدہ عجیب لوگو
تمہاری آنکھیں جو منتظر ہیں
کہ کوئی عیسیٰ نفس تمہارے
بریدہ خوابوں کی لاش اٹھا کر
پڑھے گا پھر سے وہ اسم اعظم
کہ جس سے یہ خواب جی اٹھیں گے
یہ جان لو تم، کہ وہ پیمبر
دلوں میں موجود ہے تمہارے
تم اپنے بازو کماں کرو گے
تم اپنے سینے سپر کرو گے
تو پھر وہ عیسیٰ نفس تمہارے
بریدہ خوابوں کو زندگی کی نوید دے گا
اگر یونہی سر جھکے رہے تو
غنیم اس بار خواب کیا ہیں
تمہاری آنکھیں ہی نوچ لے گا
تمہاری آنکھوں میں جو شرارے ہیں
وہ شرارے نہیں رہیں گے
تمہارے پیارے نہیں رہیں گے
اٹھو کہ اب وقت آ گیا ہے