فیصل صاحب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہو پریشاں نہ کوئی کشٹ اٹھا میرے لئے (غزل)
ہو پریشاں نہ کوئی کشٹ اٹھا میرے لئے
یہ ہی بہتر ہے کہ تو دور ہو جا میرے لئے
ہائے اس بار بھی دھوکہ ہی رہا میرے لیے
وہ جو پلٹا تو مجھے ایسا لگا میرے لئے
میں نے اس بات پہ آخر کو بغاوت کر دی
کتنی آ سکتی ہے پنجرے میں ہوا میرے لئے
سارے پیاسے تھے مرے خون کے لیکن پہلے
آپ اندازہ کریں یار اٹھا میرے لئے
میں غلاموں کی طرح اور ہے شہزادی تو
اپنے ہر خواب کی قیمت نہ گھٹا میرے لئے
موت سے بڑھ کے ترا ہجر مجھے کیا دے گا
اور تجویز کرو کوئی سزا میرے لئے
وہ تو اچھا ہوا تب ہوش نہیں تھا صاحبؔ
ورنہ میں کہتا کہ دنیا نہ بنا میرے لئے
مجھ سے دیوانے کی کیا کوئی محبت سمجھے (غزل)
مجھ سے دیوانے کی کیا کوئی محبت سمجھے
دیکھنا یار کا چہرہ جو عبادت سمجھے
مجھ میں اب اور سکت باقی نہیں بٹنے کی
میں میسر ہوں جسے جتنا غنیمت سمجھے
وہ تو یوں ہم نے جہاں چھوڑ دیا تیرے بعد
ہم ترے بعد یہاں جینا اذیت سمجھے
تم نے کیا کیا نہ کیا خوف سے عاری ہو کر
ہم ہی پاگل تھے جو دنیا کو عدالت سمجھے
ساری مشکل میں گزاری تو سہولت سمجھے
تم سہولت سے سہولت کو سہولت سمجھے
جو اڑانوں کی تھکن دیکھ کے آیا ہی نہیں
وہ پرندہ بھی بھلا خاک مسافت سمجھے
ہم نے انکار میں اقرار کے پہلو ڈھونڈے
چھپ کے ملنے کو بھی قدرت کی اجازت سمجھے