پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق نازکی کی غزلیں — Farooq Nazki Ghazals

فاروق نازکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گہری نیلی شام کا منظر لکھنا ہے (غزل)

گہری نیلی شام کا منظر لکھنا ہے

تیری ہی زلفوں کا دفتر لکھنا ہے

کئی دنوں سے بات نہیں کی اپنوں سے

آج ضروری خط اپنے گھر لکھنا ہے

شدت پر ہے ہرے بھرے پتوں کی پیاس

صحرا صحرا خون سمندر لکھنا ہے

پتھر پر ہم نام کسی کا لکھیں گے

آئینے پر آذر آذر لکھنا ہے

چہرہ روشن کھلے ہوئے صحرا کی دھوپ

گہری آنکھیں گہرا ساگر لکھنا ہے

اس سے آگے کچھ لکھنے سے قاصر ہوں

اس کے آگے تجھ کو بڑھ کر لکھنا ہے

میں اک گاؤں کا شاعر ہوں (غزل)

میں اک گاؤں کا شاعر ہوں

کھلی فضاؤں کا شاعر ہوں

دھوپ میں کھیتی پر لہراؤں

نرم ہواؤں کا شاعر ہوں

میرے دم سے ہیں یہ موسم

دھوپ اور چھاؤں کا شاعر ہوں

صحرا صحرا نام ہے میرا

میں دریاؤں کا شاعر ہوں

سورج میرا رستہ روکے

میں کہ گھٹاؤں کا شاعر ہوں

بہروں کی بستی کا گاہک

نا بیناؤں کا شاعر ہوں

رات خامشی لے کر (نظم)

رات خامشی لے کر

جھولتی ہے پیڑوں پر

دشت دشت ویراں ہیں

روشنی کے ہنگامے

تیرگی برستی ہے

اونچے نیچے ٹیلوں پر

نیند کیوں نہیں آتی

میں اداس رہتا ہوں

دن کے گرم میلے میں

میں ملول رہتا ہوں

شام کے جھمیلے میں

میں شراب پی کر بھی

ہوشیار رہتا ہوں

جو بھی دل پہ لگ جائے

میں وہ زخم سہتا ہوں

سوچتا ہوں دنیا میں

میں بھی کتنا تنہا ہوں

چاندنی کے پہلو میں

دل نواز کرنوں کو

اوڑھ کر میں لیٹا ہوں

نیند ایک خوشبو ہے

رات کی فضاؤں میں

کو بہ کو بھٹکتی ہے

میرے گھر نہیں آتی

مجھ سے دور رہتی ہے

پھر میں خود سے کہتا ہوں

مزید غزلیں از فاروق نازکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں