پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق جائسی کی غزلیں — Farooq Jaiasi Ghazals

فاروق جائسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا خطا ہوئی ہم سے کچھ پتا نہیں ملتا (غزل)

کیا خطا ہوئی ہم سے کچھ پتا نہیں ملتا

ہم دعا تو کرتے ہیں مدعا نہیں ملتا

اس سے لو لگاؤ تو اپنا سر جھکاؤ تو

پھر ذرا بتاؤ تو تم کو کیا نہیں ملتا

چل پڑیں تو منزل خود پاس آنے لگتی ہے

جب قدم نہیں اٹھتے راستہ نہیں ملتا

انگلیاں اٹھاتے ہیں جو مری وفاؤں پر

کیا انہیں حقیقت کا آئنہ نہیں ملتا

یوں تو ہیں حسیں لاکھوں آج بھی زمانے میں

لیکن آپ کے جیسا دوسرا نہیں ملتا

کون دیکھتا ہے اب خود میں حسن جاناناں

اپنا عکس اب کوئی چومتا نہیں ملتا

بھائی کو جدا کر دیں اپنے بھائیوں سے یہ

دل کو جوڑنے والا رہنما نہیں ملتا

ان کی برہمی کا ہے خوف دل میں اے فاروق

اب حسیں گناہوں میں بھی مزا نہیں ملتا

ہم نے سب کچھ لٹا کے دیکھ لیا (غزل)

ہم نے سب کچھ لٹا کے دیکھ لیا

آپ سے دل لگا کے دیکھ لیا

دل کی بنیاد خود ہلا ڈالی

اس کو نظریں بچا کے دیکھ لیا

شاید اب بات کچھ بڑھے آگے

اس نے بھی مسکرا کے دیکھ لیا

مجھ کو جن سے وفا کی تھی امید

ان کو بھی آزما کے دیکھ لیا

پتھروں نے بھی سر نہیں چوما

اس کے کوچے میں جا کے دیکھ لیا

برق کا خوف کیوں ستاتا ہے

آشیانہ بنا کے دیکھ لیا

کچھ دنوں میں چلن سے باہر تھا

اپنا سکہ چلا کے دیکھ لیا

وجہ برکت ہے رزق پاکیزہ

پاک لقمہ اٹھا کے دیکھ لیا

پھر بھی چھوٹے رہے ہزاروں سے

اپنے قد کو بڑھا کے دیکھ لیا

سر نہ جھکنا تھا میرا سر نہ جھکا

مجھ کو سولی چڑھا کے دیکھ لیا

مزید غزلیں از فاروق جائسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں