پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق بانسپاری کی غزلیں — Farooq Banspari Ghazals

فاروق بانسپاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بروز حشر مرے ساتھ دل لگی ہی تو ہے (غزل)

بروز حشر مرے ساتھ دل لگی ہی تو ہے

کہ جیسے بات کوئی آپ سے چھپی ہی تو ہے

نہ چھیڑو بادہ کشو مے کدے میں واعظ کو

بہک کے آ گیا بیچارہ آدمی ہی تو ہے

قصور ہو گیا قدموں پہ لوٹ جانے کا

برا نہ مانیئ سرکار بے خودی ہی تو ہے

ریاض خلد کا اتنا بڑھا چڑھا کے بیاں

کہ جیسے وہ مرے محبوب کی گلی ہی تو ہے

یقیں مجھے بھی ہے وہ آئیں گے ضرور مگر

وفا کرے گی کہاں تک کہ زندگی ہی تو ہے

مرے بغیر اندھیرا تمہیں ستائے گا

سحر کو شام بنا دے گی عاشقی ہی تو ہے

بہ چشم نم تری درگاہ سے گیا فاروقؔ

خطا معاف کہ یہ بندہ پروری ہی تو ہے

کبھی بے نیاز مخزن کبھی دشمن کنارا (غزل)

کبھی بے نیاز مخزن کبھی دشمن کنارا

کہیں تجھ کو لے نہ ڈوبے تری زندگی کا دھارا

مری قوت نظر کا کئی رخ سے امتحاں ہے

کبھی عذر لن ترانی کبھی دعوت نظارا

غم عشق ہی نے کاٹی غم عشق کی مصیبت

اسی موج نے ڈبویا اسی موج نے ابھارا

ترے غم کی پردہ پوشی جو اسی کی مقتضی ہے

تو قسم ہے تیرے غم کی مجھے ہر خوشی گوارا

دم صبح نو بہاراں جو کلی چمن میں چٹکی

تو گماں ہوا کہ جیسے مجھے آپ نے پکارا

مرے ناخدا نہ گھبرا یہ نظر ہے اپنی اپنی

ترے سامنے ہے طوفاں مرے سامنے کنارا

مری کشتی تمنا کبھی خشکیوں میں ڈوبی

کبھی بحر غم کا تنکا مجھے دے گیا سہارا

ترا حق بھی سر بہ زانو مرا کفر بھی پشیماں

مجھے آگہی نے لوٹا تجھے غفلتوں نے مارا

مزید غزلیں از فاروق بانسپاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں