پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق ارگلی کی غزلیں — Farooq Argali Ghazals

فاروق ارگلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ستم تیرے حفاظت سے رہیں گے (غزل)

ستم تیرے حفاظت سے رہیں گے

مرے دل میں نہاں خانے بہت ہیں

اگے ہیں ہر طرف شہروں کے جنگل

بھٹکنے کو یہ ویرانے بہت ہیں

ہمارے قد کو چاہے جس سے ناپو

تمہارے پاس پیمانے بہت ہیں

مرا اپنا ہے یہ سارا قبیلہ

مگر اس میں بھی بیگانے بہت ہیں

ہمیں کیا کام عقل و آگہی سے

ہمارے بیچ فرزانے بہت ہیں

ترا ظرف سماعت دیکھنا ہے

مرے ہونٹوں پہ افسانے بہت ہیں

یہ شمع عشق ہے بجھنے نہ پائے

ابھی ہم جیسے پروانے بہت ہیں

لٹے جاتے ہیں لیکن غم نہیں ہے (غزل)

لٹے جاتے ہیں لیکن غم نہیں ہے

اب اس عالم میں وہ عالم نہیں ہے

تمنائیں صلیبوں پر سجی ہیں

سر پندار پھر بھی خم نہیں ہے

قیامت خیز ہے جادو بیانی

مگر باتوں میں اس کے دم نہیں

بہاریں اور خزائیں سب اسی کی

مرا اپنا کوئی موسم نہیں ہے

اگر ملتے تو شاید خوش نہ رہتے

بچھڑنے کا بھی اب ماتم نہیں ہے

بڑائی بندہ پرور کو مبارک

فقیر اردو بھی کچھ کم نہیں ہے

مزید غزلیں از فاروق ارگلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں