فاروق انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شہر کی فصیلوں پر زخم جگمگائیں گے (غزل)
شہر کی فصیلوں پر زخم جگمگائیں گے
یہ چراغ منزل ہیں راستہ بتائیں گے
پیڑ ہم محبت کے دشت میں لگائیں گے
بے مکاں پرندوں کو دھوپ سے بچائیں گے
زہر جب بھی اگلو گے دوستی کے پردے میں
پتھروں کے لہجے میں ہم بھی گنگنائیں گے
جنگلوں کی جھرنوں کی کاغذی یہ تصویریں
گھر کے بند کمروں میں کب تلک سجائیں گے
خون بن کے رگ رگ میں دودھ ماں کا بہتا ہے
قرض یہ بھی واجب ہے کیسے ہم چکائیں گے
تھک کے لوٹ جائیں گی آندھیاں سیاست کی
جن کی لو رہے قائم وہ دئے جلائیں گے
یہ جھکی جھکی پلکیں مت اٹھائیے صاحب
جھیل جیسی آنکھوں میں لوگ ڈوب جائیں گے
نہ جانے کتنے لہجے اور کتنے رنگ بدلے گا (غزل)
نہ جانے کتنے لہجے اور کتنے رنگ بدلے گا
وہ اپنے حق میں ہی سارے اصول جنگ بدلے گا
خلا میں تیرتے مسکن رہائش کے لیے ہوں گے
یہ مستقبل مرا تہذیب خشت و سنگ بدلے گا
در و دیوار کیا جانیں کھلا پن آسمانوں کا
کشادہ دل وہی ہوگا جو ذہن تنگ بدلے گا
بڑھائے گا وہ اپنے قد کو بانسوں پر کھڑے ہو کر
کبھی تاریخ بدلے گا کبھی فرہنگ بدلے گا
امیر شہر نے ہم کو سگان شہر سمجھا ہے
وہ اپنا کام روکے گا نہ اپنا ڈھنگ بدلے گا
بہت چھوٹا سہی یہ دل مگر انجمؔ یہ ممکن ہے
توازن عشق کا اب تو یہی پاسنگ بدلے گا