پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فروغ زیدی کی غزلیں — Farogh Zaidi Ghazals

فروغ زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا لگتا ہے سمجھ دار ہے دنیا ساری (غزل)

ایسا لگتا ہے سمجھ دار ہے دنیا ساری

میں ہوں اس پار تو اس پار ہے دنیا ساری

اس نئی دوڑ میں آگے ہے نہ پیچھے کوئی

دام عجلت میں گرفتار ہے دنیا ساری

دوستی اور دکھاوے کی محبت کرنا

سب کا شیوہ ہے اداکار ہے دنیا ساری

قافلے دل کے سر عام ہیں لوٹے جس نے

اسی رہزن کی طلب گار ہے دنیا ساری

آپ انداز کچھ اپنا تو بدل لیتے فروغؔ

چلئے مانا کہ خطا‌ وار ہے دنیا ساری

علم و ہنر سے قوم کو رغبت نہیں رہی (غزل)

علم و ہنر سے قوم کو رغبت نہیں رہی

اس پر شکایتیں کہ فضیلت نہیں رہی

بدلے گا کیا نظام کب آئے گا انقلاب

جب نوجواں لہو میں حرارت نہیں رہی

مظلوم کو دلائے جو ہر ظلم سے نجات

ایسی جہاں میں کوئی عدالت نہیں رہی

سجدے میں جا کے مانگنا بیکار نعمتیں

کچھ بھی کہو اسے یہ عبادت نہیں رہی

فتوے لئے ہیں شیخ سے پیر مغاں نے خاص

پینے میں اب ذرا بھی قباحت نہیں رہی

مسجد کا رخ کیا ہے جناب فروغؔ نے

لگتا ہے اب گناہ میں لذت نہیں رہی

مزید غزلیں از فروغ زیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں