فرمان میر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم سے بچھڑا تب میں سمجھا حادثہ کیا چیز ہے (غزل)
تم سے بچھڑا تب میں سمجھا حادثہ کیا چیز ہے
شور کہتے ہیں کسے اور یہ خلا کیا چیز ہے
جب تلک ٹوٹا نہ تھا دل کھیلتے رہتے تھے وہ
توڑنے کے بعد بولے دل بھلا کیا چیز ہے
ویسے تو پیتے نہیں ہم پینے پہ گر آ گئے
مندر و مسجد نہ چھوڑیں مے کدہ کیا چیز ہے
کشتیوں کے پار لگتے ہی سبھی یہ کہہ اٹھے
یہ سمندر کیا ہے اور یہ ناخدا کیا چیز ہے
کوئے جاناں کی اٹھا کر منہ پہ مل لیتا ہوں خاک
عشق کا بیمار کیا جانے دوا کیا چیز ہے
حسن والوں کی کہاں ہم پہ نظر ہوتی ہے (غزل)
حسن والوں کی کہاں ہم پہ نظر ہوتی ہے
ہم ہیں شاعر تو ہمیں سب کی خبر ہوتی ہے
جانیں کیوں مجھ سے بچھڑ کر وہ بہت ہی رویا
جب کہ تکلیف تو دوران سفر ہوتی ہے
وہ بھی موجود ہیں محفل میں سجے بیٹھے ہیں
بات کرتا ہوں ادھر آنکھ ادھر ہوتی ہے
شعر گوئی کا ہنر آپ سکھاتے ہیں ہمیں
آنکھ ادھر پھیرو غزل دیکھو ادھر ہوتی ہے
آپ تھے ساتھ مگر پھر بھی خدا یاد آیا
زندگی جب بھی کبھی زیر و زبر ہوتی ہے