پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحت ایم حسنی کی غزلیں — Farhat M Hasani Ghazals

فرحت ایم حسنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کی ہر بات مان لی ہم نے (غزل)

دل کی ہر بات مان لی ہم نے

تجھ کو پانے کی ٹھان لی ہم نے

شہر کی وحشتوں سے گھبرا کر

چادر دشت تان لی ہم نے

ایک دوجے سے چاہتوں کے عوض

عمر بھر کی تھکان لی ہم نے

بیچ کر دشمنوں کو سارے تیر

ایک خالی کمان لی ہم نے

شاید اک روز اس میں دب جائیں

کوئلے کی جو کان لی ہم نے

جب تماشے کو گرم ہونا تھا

مہلت اک درمیان لی ہم نے

لوگ جگنو پکڑ نہ پائے جب

اڑ کے اک کہکشان لی ہم نے

آفتیں روز کر رہی ہیں سلام

غم کی گویا دکان لی ہم نے

شب اسے بھولنے کی کوشش کی

تھک کے اپنی ہی جان لی ہم نے

ہو کے غالبؔ سے آشنا فرحتؔ

پھر نشاط زبان لی ہم نے

مری چاہتوں کا صلہ دے رہے ہو (غزل)

مری چاہتوں کا صلہ دے رہے ہو

یوں لگتا ہے جیسے سزا دے رہے ہو

نہ ساحل نہ ساحل کے آثار تک ہیں

دلاسے عبث ناخدا دے رہے ہو

اداؤں اشاروں سے لگتا ہے جیسے

کوئی زخم پھر سے نیا دے رہے ہو

یہاں ہر کوئی خود میں ڈوبا ہے گم ہے

دوانے کسے تم صدا دے رہے ہو

مری جان مانگا تھا کچھ اور میں نے

غم ہجر پھر سے یہ کیا دے رہے ہو

محبت سکھا دی تمہیں جس نے اس کو

وفا کے بجائے دغا دے رہے ہو

بڑی مدتوں بعد شعلے بجھے ہیں

تم اس آگ کو پھر ہوا دے رہے ہو

کہیں وہ ہواؤں کا حامی نہ نکلے

جسے اپنا فرحتؔ دیا دے رہے ہو

مزید غزلیں از فرحت ایم حسنی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں