پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرحت عباس شاہ کی غزلیں — Farhat Abbas Shah Ghazals

فرحت عباس شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو نے دیکھا ہے کبھی ایک نظر شام کے بعد (غزل)

تو نے دیکھا ہے کبھی ایک نظر شام کے بعد

کتنے چپ چاپ سے لگتے ہیں شجر شام کے بعد

اتنے چپ چاپ کہ رستے بھی رہیں گے لا علم

چھوڑ جائیں گے کسی روز نگر شام کے بعد

میں نے ایسے ہی گنہ تیری جدائی میں کئے

جیسے طوفاں میں کوئی چھوڑ دے گھر شام کے بعد

شام سے پہلے وہ مست اپنی اڑانوں میں رہا

جس کے ہاتھوں میں تھے ٹوٹے ہوئے پر شام کے بعد

رات بیتی تو گنے آبلے اور پھر سوچا

کون تھا باعث آغاز سفر شام کے بعد

تو ہے سورج تجھے معلوم کہاں رات کا دکھ

تو کسی روز مرے گھر میں اتر شام کے بعد

لوٹ آئے نہ کسی روز وہ آوارہ مزاج

کھول رکھتے ہیں اسی آس پہ در شام کے بعد

کبھی سحر تو کبھی شام لے گیا مجھ سے (غزل)

کبھی سحر تو کبھی شام لے گیا مجھ سے

تمہارا درد کئی کام لے گیا مجھ سے

مجھے خبر نہ ہوئی اور زمانہ جاتے ہوئے

نظر بچا کے ترا نام لے گیا مجھ سے

اسے زیادہ ضرورت تھی گھر بسانے کی

وہ آ کے میرے در و بام لے گیا مجھ سے

بھلا کہاں کوئی جز اس کے ملنے والا تھا

بس ایک جرأت ناکام لے گیا مجھ سے

بس ایک لمحے کے سچ جھوٹ کے عوض فرحتؔ

تمام عمر کا الزام لے گیا مجھ سے

مزید غزلیں از فرحت عباس شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں