پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فراز دہلوی کی غزلیں — Faraz Dehalvi Ghazals

فراز دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب ترا نام پوچھا جائے گا (غزل)

جب ترا نام پوچھا جائے گا

میرا انجام پوچھا جائے گا

جان رکھ لی ہے اب ہتھیلی پر

عشق کا دام پوچھا جائے گا

پہلے دیکھیں گے وہ مری غربت

پھر مرا کام پوچھا جائے گا

ہوگی شرکت تمہاری محفل میں

خاص یا عام پوچھا جائے گا

لڑکھڑاہٹ ہے آج قدموں میں

کون سا جام پوچھا جائے گا

حال تو جانتے ہیں وہ میرا

پھر بھی ہر شام پوچھا جائے گا

آج ایک دوست کا ولیمہ ہے

اب ہے آرام پوچھا جائے گا

پہلے تڑپانا پھر بتا دینا

میرا پیغام پوچھا جائے گا

لاج رکھنا فرازؔ ان کی تم

کیوں ہو ناکام پوچھا جائے گا

بس یہ ہے میری زندگی کا دکھ (غزل)

بس یہ ہے میری زندگی کا دکھ

مجھ کو ہوتا ہے ہر کسی کا دکھ

دکھ سے پھر کچھ نہیں بگڑتا ہے

بانٹ لے گر کوئی کسی کا دکھ

مجھ کو غم اور بھی بہت ہیں پر

تم کو رہتا ہے مفلسی کا دکھ

جن کے بچوں نے خودکشی کر لی

ان کے جیسا نہیں کسی کا دکھ

جب سے راحت نہیں ہیں دنیا میں

شاعری کو ہے اس کمی کا دکھ

کاٹ دی دکھ میں زندگی ہم نے

تم کو دکھتا ہے دو گھڑی کا دکھ

میں نے جب سے تری پرستش کی

مجھ کو کھاتا ہے بندگی کا دکھ

بے گناہوں کی جان جاتی ہے

موت کرتی ہے زندگی کا دکھ

جن کو ملتی ہے شام کو روٹی

ان کو ہوتا ہے روشنی کا دکھ

مزید غزلیں از فراز دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں