فنا نظامی کانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسا بننا سنورنا مبارک تمہیں کم سے کم اتنا کہنا ہمارا کرو (غزل)
ایسا بننا سنورنا مبارک تمہیں کم سے کم اتنا کہنا ہمارا کرو
چاند شرمائے گا چاندنی رات میں یوں نہ زلفوں کو اپنی سنوارا کرو
یہ تبسم یہ عارض یہ روشن جبیں یہ ادا یہ نگاہیں یہ زلفیں حسیں
آئنے کی نظر لگ نہ جائے کہیں جان جاں اپنا صدقہ اتارا کرو
دل تو کیا چیز ہے جان سے جائیں گے موت آنے سے پہلے ہی مر جائیں گے
یہ ادا دیکھنے والے لٹ جائیں گے یوں نہ ہنس ہنس کے دلبر اشارہ کرو
فکر عقبیٰ کی مستی اتر جائے گی توبہ ٹوٹی تو قسمت سنور جائے گی
تم کو دنیا میں جنت نظر آئے گی شیخ جی مے کدے کا نظارہ کرو
خوب صورت گھٹاؤں بھری رات میں لطف اٹھایا کرو ایسی برسات میں
جام لے کر چھلکتا ہوا ہاتھ میں مے کدے میں بھی اک شب گزارا کرو
کام آئے نہ مشکل میں کوئی یہاں مطلبی دوست ہیں مطلبی یار ہیں
اس جہاں میں نہیں کوئی اہل وفا اے فناؔ اس جہاں سے کنارہ کرو
دنیائے تصور ہم آباد نہیں کرتے (غزل)
دنیائے تصور ہم آباد نہیں کرتے
یاد آتے ہو تم خود ہی ہم یاد نہیں کرتے
وہ جور مسلسل سے باز آ تو گئے لیکن
بے داد یہ کیا کم ہے بے داد نہیں کرتے
ساحل کے تماشائی ہر ڈوبنے والے پر
افسوس تو کرتے ہیں امداد نہیں کرتے
کچھ درد کی شدت ہے کچھ پاس محبت ہے
ہم آہ تو کرتے ہیں فریاد نہیں کرتے
صحرا سے بہاروں کو لے آئے چمن والے
اور اپنے گلستاں کو آباد نہیں کرتے