فنا بلند شہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے رشک قمر تو نے پہلی نظر جب نظر سے ملائی مزا آ گیا (غزل)
میرے رشک قمر تو نے پہلی نظر جب نظر سے ملائی مزا آ گیا
برق سی گر گئی کام ہی کر گئی آگ ایسی لگائی مزا آ گیا
جام میں گھول کر حسن کی مستیاں چاندنی مسکرائی مزا آ گیا
چاند کے سائے میں اے مرے ساقیا تو نے ایسی پلائی مزا آ گیا
نشہ شیشے میں انگڑائی لینے لگا بزم رنداں میں ساغر کھنکنے لگا
میکدے پہ برسنے لگیں مستیاں جب گھٹا گھر کے آئی مزا آ گیا
بے حجابانہ وہ سامنے آ گئے اور جوانی جوانی سے ٹکرا گئی
آنکھ ان کی لڑی یوں مری آنکھ سے دیکھ کر یہ لڑائی مزا آ گیا
آنکھ میں تھی حیا ہر ملاقات پر سرخ عارض ہوئے وصل کی بات پر
اس نے شرما کے میرے سوالات پہ ایسے گردن جھکائی مزا آ گیا
شیخ صاحب کا ایمان بک ہی گیا دیکھ کر حسن ساقی پگھل ہی گیا
آج سے پہلے یہ کتنے مغرور تھے لٹ گئی پارسائی مزا آ گیا
اے فناؔ شکر ہے آج بعد فنا اس نے رکھ لی مرے پیار کی آبرو
اپنے ہاتھوں سے اس نے مری قبر پہ چادر گل چڑھائی مزا آ گیا
آپ بیٹھے ہیں بالیں پہ میری موت کا زور چلتا نہیں ہے (غزل)
آپ بیٹھے ہیں بالیں پہ میری موت کا زور چلتا نہیں ہے
موت مجھ کو گوارا ہے لیکن کیا کروں دم نکلتا نہیں ہے
یہ ادا یہ نزاکت بھرا سن میرا دل تم پہ قربان لیکن
کیا سنبھالو گے تم میرے دل کو جب یہ آنچل سنبھلتا نہیں ہے
میرے نالوں کی سن کر زبانیں ہو گئی موم کتنی چٹانیں
میں نے پگھلا دیا پتھروں کو اک تیرا دل پگھلتا نہیں ہے
شیخ جی کی نصیحت بھی اچھی بات واعظ کی بھی خوب لیکن
جب بھی چھاتی ہیں کالی گھٹائیں بن پئے کام چلتا نہیں ہے
دیکھ لے میری میت کا منظر لوگ کاندھا بدلتے چلے ہیں
ایک تیری بھی ڈولی چلی ہے کوئی کاندھا بدلتا نہیں ہے
میکدے کے سبھی پینے والے لڑکھڑا کر سنبھلتے ہیں لیکن
تیری نظروں کا جو جام پی لے عمر بھر وہ سنبھلتا نہیں ہے