فخر زمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہادری جو نہیں ہے تو بزدلی بھی نہیں (غزل)
بہادری جو نہیں ہے تو بزدلی بھی نہیں
بہت ہی چاہا مگر ہم سے خودکشی نہ ہوئی
کچھ اس طرح سے خیالوں نے روشنی بخشی
تمہاری زلف بھی بکھری تو تیرگی نہ ہوئی
کسی کے درد کو تم جانتے بھلا کیوں کر
خود اپنے درد سے جب تم کو آگہی نہ ہوئی
وہ تیرگی تھی مسلط فضائے عالم پر
لہو کے دیپ جلے پھر بھی روشنی نہ ہوئی
میں جی رہا ہوں دل مردہ لے کے سینے میں
اسے تو موت کہو یہ تو زندگی نہ ہوئی
وہ جا رہی ہیں سروں پہ پتھر (نظم)
وہ جا رہی ہیں سروں پہ پتھر
اٹھائے مزدور عورتیں کچھ
یہ کھردرے ہاتھ میلے پاؤں
جمی ہیں ہونٹوں پہ پپڑیاں سی
اور پسینے میں ہیں شرابور
سلگتی دوپہر میں وہ مل کر
ایک دیوار چن رہی ہیں
حصار سنگیں بنے گا کوئی
یہ دیکھ کر حال ان کا مجھ کو
خیال رہ رہ کے آ رہا ہے
کہاں ہیں وہ مرمریں سی باہیں
وہ گدگدے ہاتھ نرم و نازک
وہ گیسوئے عنبریں و مشکیں
وہ تیر مژگاں کمان ابرو
وہ لعل لب اور وہ روئے زیبا
وہ نازنیں عورتیں کہاں ہیں
وہ مہ جبیں عورتیں کہاں ہیں
وہ جن کی تعریف کرتے کرتے
ادیب و شاعر نہیں ہیں تھکتے