پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیض خلیل آبادی کی غزلیں — Faiz Khalilabadi Ghazals

فیض خلیل آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھنگ کھاتے ہیں نہ گانجا نہ چرس پیتے ہیں (غزل)

بھنگ کھاتے ہیں نہ گانجا نہ چرس پیتے ہیں

ہم وہ بھنورے ہیں جو احساس کا رس پیتے ہیں

آپ اس ڈھنگ سے امرت بھی نہیں پی سکتے

جس ہنر مندی سے ہم اشک نفس پیتے ہیں

سب یہیں چھوڑ کے جانا ہے خبر ہے لیکن

پھر یہ ہم کس لئے دنیا کی ہوس پیتے ہیں

جو تری یاد کے کیڑے ہیں بدن کے اندر

وہ مری روح کو کھاتے ہیں پلس پیتے ہیں

تب کہیں ہوتا ہے اک شہد کا چھتا تیار

ان گنت پھولوں کا خوں جب یہ مگس پیتے ہیں

آپ اک بوند بھی پی لیں تو غشی آ جائے

غم کے آنسو جو اسیران قفس پیتے ہیں

فیضؔ کی فکر کی بوتل میں ہے جو زہر سخن

دیکھنا ہے کی ابھی کتنے برس پیتے ہیں

لگا کہ جیسے کسی کانپتے ہرن کو چھوا (غزل)

لگا کہ جیسے کسی کانپتے ہرن کو چھوا

ہمارے ہاتھوں نے جب پھول سے بدن کو چھوا

تمام جسم میں آسودگی سی پھیل گئی

ترے دہن نے کبھی جب مرے دہن کو چھوا

سمٹ کے آ گئی کاغذ پہ صورت اشعار

ہماری فکر نے جب بھی کسی گھٹن کو چھوا

کئی مقام پہ دونوں ملے ضرور مگر

کشن نے رادھا کو رادھا نے کب کشن کو چھوا

لپٹ کے پہنچا میں جب نیکیوں کی خوشبو میں

لحد کی مٹی نے ڈرتے ہوئے کفن کو چھوا

کبھی نہ ہو سکی اظہار عشق کی جرأت

یہ اور بات کئی صورتوں نے من کو چھوا

ہم اپنی جان بھی کر دیں گے فیضؔ اس پہ نثار

اگر کسی نے کبھی عظمت وطن کو چھوا

مزید غزلیں از فیض خلیل آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں