فیصل طفیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت کی رو کو روانی سے نکالا جائے (غزل)
وقت کی رو کو روانی سے نکالا جائے
چند لمحوں کو گرانی سے نکالا جائے
مجھ کو تو کھینچ لیا دست جنوں نے لیکن
اب مرا عکس بھی پانی سے نکالا جائے
مدتوں اس کی رقابت کو سہا ہے ہم نے
اب یہ کردار کہانی سے نکالا جائے
زہر آلود ہوئی جاتی ہے خوشبو اس سے
سانپ کو رات کی رانی سے نکالا جائے
پھر ہوا لشکر فرعون مقابل فیصلؔ
راستہ پھر کوئی پانی سے نکالا جائے
اک بار جو ملا تھا تو کھویا نہیں گیا (غزل)
اک بار جو ملا تھا تو کھویا نہیں گیا
اس طرح وہ گیا ہے کہ گویا نہیں گیا
کل رات تیری یاد تھی کمرے میں یا کہ تو
اس درجہ روشنی تھی کہ سویا نہیں گیا
مجھ کو یہ اعتراف ہے کہ ناتواں ہوں میں
مجھ سے مرا وجود بھی ڈھویا نہیں گیا
آنسو ٹھہر گئے ہیں مرے اس کے گال پر
شبنم سے اس گلاب کو دھویا نہیں گیا
پھر میں نے قہقہے کا سہارا لیا ہے آج
دکھ اس قدر زیادہ تھا رویا نہیں گیا
وہ لطف عشق ہو کہ ستم ہائے روزگار
مجھ کو کسی لڑی میں پرویا نہیں گیا
پھر کس ثمر کی تم ہو تمنا لیے ہوئے
گر خود کو بھی زمین میں بویا نہیں گیا