فہمی بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے جیسا کوئی ملا ہی نہیں (غزل)
تیرے جیسا کوئی ملا ہی نہیں
کیسے ملتا کہیں پہ تھا ہی نہیں
گھر کے ملبے سے گھر بنا ہی نہیں
زلزلے کا اثر گیا ہی نہیں
مجھ پہ ہو کر گزر گئی دنیا
میں تری راہ سے ہٹا ہی نہیں
کل سے مصروف خیریت میں ہوں
شعر تازہ کوئی ہوا ہی نہیں
رات بھی ہم نے ہی صدارت کی
بزم میں اور کوئی تھا ہی نہیں
یار تم کو کہاں کہاں ڈھونڈا
جاؤ تم سے میں بولتا ہی نہیں
یاد ہے جو اسی کو یاد کرو
ہجر کی دوسری دوا ہی نہیں
پوچھ لیتے وہ بس مزاج مرا (غزل)
پوچھ لیتے وہ بس مزاج مرا
کتنا آسان تھا علاج مرا
چارہ گر کی نظر بتاتی ہے
حال اچھا نہیں ہے آج مرا
میں تو رہتا ہوں دشت میں مصروف
قیس کرتا ہے کام کاج مرا
کوئی کاسہ مدد کو بھیج اللہ
میرے بس میں نہیں ہے تاج مرا
میں محبت کی بادشاہت ہوں
مجھ پہ چلتا نہیں ہے راج مرا
مزید غزلیں از فہمی بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں