پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فہیم شناس کاظمی کی غزلیں — Faheem Shanas Kazmi Ghazals

فہیم شناس کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھند میں ڈوبی ساری فضا تھی اس کے بال بھی گیلے تھے (غزل)

دھند میں ڈوبی ساری فضا تھی اس کے بال بھی گیلے تھے

جس کی آنکھیں جھیلوں جیسی جس کے ہونٹ رسیلے تھے

جس کو کھو کر خاک ہوئے ہم آج اسے بھی دیکھا تو

ہنستی آنکھیں افسردہ تھیں ہونٹ بھی نیلے نیلے تھے

جن کو چھو کر کتنے زیدیؔ اپنی جان گنوا بیٹھے

میرے عہد کی شہنازوںؔ کے جسم بڑے زہریلے تھے

آخر آخر ایسا ہوا کہ تیرا نام بھی بھول گئے

اول اول عشق میں جاناں ہم کتنے جوشیلے تھے

آنکھیں بجھا کے خود کو بھلا کے آج شناسؔ میں آیا ہوں

تلخ تھیں لہجوں کی برساتیں رنگ بھی کڑوے کسیلے تھے

اس نے پوچھا بھی مگر حال چھپائے گئے ہم (غزل)

اس نے پوچھا بھی مگر حال چھپائے گئے ہم

اپنے ہی آپ میں اک حشر اٹھائے گئے ہم

زندگی دیکھ کہ احسان ترے کتنے ہیں

دل کے ہر داغ کو آئینہ بنائے گئے ہم

پھر وہی شام وہی درد وہی اپنا جنوں

جانے کیا یاد تھی وہ جس کو بھلائے گئے ہم

کن دریچوں کے چراغوں سے ہمیں نسبت تھی

کہ ابھی جل نہیں پائے کہ بجھائے گئے ہم

عمر بھر حادثے ہی کرتے رہے استقبال

وقت ایسا تھا کہ سینے سے لگائے گئے ہم

راستے دوڑے چلے جاتے ہیں کن سمتوں کو

دھوپ میں جلتے رہے سائے بچھائے گئے ہم

دشت در دشت بکھرتے چلے جاتے ہیں شناسؔ

جانے کس عالم وحشت میں اٹھائے گئے ہم

جب شام کی پلکیں تھرائیں (نظم)

جب شام کی پلکیں تھرائیں

یادوں کی آنکھیں بھر آئیں

ہر لہر میں ایک سمندر تھا

جو دل کو بہا لے جاتا تھا

ساحل سے دور جزیروں پر

دل بہتے بہتے ڈوب گیا

پھر رات ہوئی

پھر ہوا میں آنسو گھلنے لگے

پھر خوابوں کی محرابوں میں

میں گھر کا رستہ بھول گیا

پھر سانس سے پہلے موت آئی

اور کھیل تماشا ختم ہوا

میں بیچ گلی میں کیسے گر کر

ٹوٹ گیا

مزید غزلیں از فہیم شناس کاظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں