پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعزاز افضل کی غزلیں — Ezaz Afzal Ghazals

اعزاز افضل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ شہر یہ خوابوں کا سمندر نہ بچے گا (غزل)

یہ شہر یہ خوابوں کا سمندر نہ بچے گا

جب آگ لگے گی تو کوئی گھر نہ بچے گا

یا نقش ابھارو کوئی یا عکس کو پوجو

شیشے کو بچاؤ گے تو پتھر نہ بچے گا

احساس رقابت سے جبینوں کو بچاؤ

ٹکرائیں گے سجدے تو کوئی در نہ بچے گا

اے نیند چھپے رہنے دے دو چار نظارے

جب آنکھ کھلے گی کوئی منظر نہ بچے گا

مقتل کی سیاست نہ ہماری نہ تمہاری

تفریق کرو گے تو کوئی سر نہ بچے گا

رسوا بھی ہوئے جام پٹکنا بھی نہ آیا (غزل)

رسوا بھی ہوئے جام پٹکنا بھی نہ آیا

رندوں کو سلیقے سے بہکنا بھی نہ آیا

وہ لوگ مری طرز سفر جانچ رہے ہیں

منزل کی طرف جن کو ہمکنا بھی نہ آیا

تھا جن میں سلیقہ وہ بھری بزم میں روئے

ہم کو تو کہیں چھپ کے سسکنا بھی نہ آیا

ہم ایسے بلانوش کہ چھلکاتے ہی گزری

تم ایسے تنک ظرف چھلکنا بھی نہ آیا

ہم جاگ رہے تھے سو ابھی جاگ رہے ہیں

اے ظلمت شب تجھ کو تھپکنا بھی نہ آیا

للچائی کوئی زلف نہ مچلا کوئی دامن

اس باغ کے پھولوں کو مہکنا بھی نہ آیا

کم بخت سوئے دیر و حرم بھاگ رہی ہیں

گلشن کی ہواؤں کو سنکنا بھی نہ آیا

لہراتی ذرا پیاس ذرا کان ہی بجتے

ان خالی کٹوروں کو کھنکنا بھی نہ آیا

مزید غزلیں از اعزاز افضل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں