یوفونک امت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پنکھ ہی کافی نہیں پرواز کو (غزل)
پنکھ ہی کافی نہیں پرواز کو
توڑنا ہوگا قفس بھی باز کو
سچ کہو تو کاٹ دیتے ہیں زباں
حوصلہ بھی چاہیئے آواز کو
تالیاں جھوٹی بجیں تو کیا مزہ
ہو ہنر تو ہی بجاؤ ساز کو
تم بھروسہ اور دل مت توڑنا
راز رکھو تم سبھی کے راز کو
جو ملا ہم کو اسی میں خوش رہیں
دور رکھیں خود سے حرص و آز کو
اتفاقاً عشق ان سے ہو گیا
کیسے سمجھائیں دل ناساز کو
پڑھ کے غالبؔ میرؔ کی غزلیں امتؔ
شاعری کے تو سمجھ انداز کو
میری سانسوں میں گھٹن چھوڑ کے جا سکتے ہو (غزل)
میری سانسوں میں گھٹن چھوڑ کے جا سکتے ہو
تم مجھے عہد شکن چھوڑ کے جا سکتے ہو
اپنی یادوں میں مگن چھوڑ کے جا سکتے ہو
تم ہمیں تنہا سجن چھوڑ کے جا سکتے ہو
جوجھنے کی مجھے عادت ہے پریشانی سے
میرے ماتھے پہ شکن چھوڑ کے جا سکتے ہو
لوٹنے کا کبھی اپنا مجھے وعدہ دو تو
تم جدائی کی چبھن چھوڑ کے جا سکتے ہو
کیا مری ڈائری کے صفحوں پہ جاتے جاتے
دولت شعر و سخن چھوڑ کے جا سکتے ہو
اپنے ہونٹوں سے مرے ہونٹوں پہ کیا جان جاں
ایک میٹھی سی چھون چھوڑ کے جا سکتے ہو
عشق اور فرض میں گر ایک ہی چننا ہو امتؔ
تو ادھورا یہ ملن چھوڑ کے جا سکتے ہو