پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اعجاز تابش کی غزلیں — Ejaz Tabish Ghazals

اعجاز تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جلتا سورج کیا کہتا ہے اس کے تیور تو سمجھو (غزل)

جلتا سورج کیا کہتا ہے اس کے تیور تو سمجھو

پھولوں جیسے چہرے لے کر گھر سے باہر مت نکلو

سورج کی پہلی کرنیں ہی کھا جائیں گی شبنم کو

تم اس کو میرا جانو یا تم اس کو موتی سمجھو

کیا پیتل ہے کیا سونا ہے یہ خود ہی جانچو پرکھو

اپنی عقلیں اخباروں کے ہاتھوں گروی مت رکھو

تم بھی کتنے سادہ دل ہو میری بستی کے لوگو

مٹی کے گھر بار بنا کر بادل سے پانی مانگو

جو دنیا کے من بھاتا ہو ایسا کوئی روپ بھرو

گھر سے جب باہر نکلو تو اصلی چہرے گھر رکھ دو

اپنا جیون آج کے دن ہے جو بھی کرنا ہے کر لو

کل تو اک دھوکہ ہے لوگو کل کی مت امید رکھو

آنے والا لمحہ شاید کل ہم پر بھی وار کرے

اس سے لڑنے کی تیاری بہتر ہے گر آج کرو

دولت کی پوجا کرتے ہیں اس بستی کے سارے لوگ

اس کے ہر اک چوراہے پر سونے کی مورت رکھ دو

کل تلک تھے جو خوب سایہ دار (غزل)

کل تلک تھے جو خوب سایہ دار

آج خود جل رہے ہیں وہ اشجار

آؤ ہم بھی خرید لیں چل کر

لگ رہا ہے خلوص کا بازار

اپنے چہرے چھپا کے بھاگ چلو

آئنوں سے فضول ہے تکرار

پھر کوئی حادثہ ہوا شاید

بک رہے ہیں گلی گلی اخبار

جب بھی دیکھوں انہیں یہ لگتا ہے

جیسے دیکھا ہو آج پہلی بار

شاعری میں سمیٹ لو تابشؔ

زندگی کے نئے نئے افکار

مزید غزلیں از اعجاز تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں