چرن سنگھ بشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سر اٹھا کے مت چلئے آج کے زمانے میں (غزل)
سر اٹھا کے مت چلئے آج کے زمانے میں
جان جاتی رہتی ہے حوصلہ دکھانے میں
کس سے حق طلب کیجے بے وفا زمانے میں
ہونٹھ سوکھ جاتے ہیں حال دل سنانے میں
ہاتھ کی لکیروں سے فیصلے نہیں ہوتے
عزم کا بھی حصہ ہے زندگی بنانے میں
کھو گئے کہاں میرے اعتبار کے رشتے
کس نے بو دیئے کانٹے پھول سے گھرانے میں
منزلوں کی باتیں تو خواب جیسی باتیں ہیں
عمر بیت جاتی ہے راستہ بنانے میں
اے بشرؔ مری آنکھیں جگنوؤں کی عادی تھیں
کس نے بجلیاں رکھ دیں میرے آشیانے میں
آئنہ کون ہے کچھ پتا تو چلے (غزل)
آئنہ کون ہے کچھ پتا تو چلے
بے خطا کون ہے کچھ پتا تو چلے
کس طرف سے یہ پتھر ادھر آئے ہیں
آشنا کون ہے کچھ پتا تو چلے
بے وفائی کا الزام ہم پر سہی
بے وفا کون ہے کچھ پتا تو چلے
سب کے چہرے ہیں جیسے لٹا کارواں
رہنما کون ہے کچھ پتا تو چلے
مزید غزلیں از چرن سنگھ بشر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں