پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چراغ شرما کی غزلیں — Charagh Sharma Ghazals

چراغ شرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ہنس کے دیکھتی ہوتی تو اس سے بات کرتے (غزل)

وہ ہنس کے دیکھتی ہوتی تو اس سے بات کرتے

کوئی امید بھی ہوتی تو اس سے بات کرتے

ہم اسٹیشن سے باہر آئے اس افسوس کے ساتھ

وہ لڑکی اجنبی ہوتی تو اس سے بات کرتے

ہمارے جام آدھی حوصلہ افزائی کر پائے

اگر اس نے بھی پی ہوتی تو اس سے بات کرتے

توجہ سے بہت شرماتی ہے آواز اپنی

اگر وہ سو رہی ہوتی تو اس سے بات کرتے

کسی سے بات کرنا اتنا مشکل بھی نہیں تھا

کسی نے بات کی ہوتی تو اس سے بات کرتے

یہ خاموشی بھی کیا ہے گفتگو کی انتہا ہے

کوئی بات ان کہی ہوتی تو اس سے بات کرتے

تتلی سے دوستی نہ گلابوں کا شوق ہے (غزل)

تتلی سے دوستی نہ گلابوں کا شوق ہے

میری طرح اسے بھی کتابوں کا شوق ہے

ورنہ تو نیند سے بھی نہیں کوئی خاص ربط

آنکھوں کو صرف آپ کے خوابوں کا شوق ہے

ہم عاشق غزل ہیں تو مغرور کیوں نہ ہوں

آخر یہ شوق بھی تو نوابوں کا شوق ہے

اس شخص کے فریب سے واقف ہیں ہم مگر

کچھ اپنی پیاس کو ہی سرابوں کا شوق ہے

گرنے دو خود سنبھلنے دو ایسے ہی چلنے دو

یہ تو چراغؔ خانہ خرابوں کا شوق ہے

مرا کمرے سے بس نیندوں کا رشتہ تھا (نظم)

مرا کمرے سے بس نیندوں کا رشتہ تھا

اور اس زینے سے خوابوں کا

جو لہراتا ہوا جاتا تھا چھت تک

وہ چھت

جہاں سے آسماں نزدیک تھا

جہاں آرام فرماتی تھیں آنکھیں

وو آنکھیں جن میں سپنے تھے

وہ سپنے جن میں دنیا تھی

وہ دنیا جس میں سب کچھ تھا

وہی چھت

جہاں پر ایک چڑیا کی سریلی چہچہاہٹ تھی

پتنگوں کی سجاوٹ تھی

فلک کی جھلملاہٹ تھی

مگر افسوس

وہ چڑیا جو سویرے گھر میں سب سے پہلے اٹھتی تھی

کسے معلوم تھا اک دن وہ زیر دام آئے گی

پتنگ کاغذی جو آسماں چھونے ہی والی تھی

کسے معلوم تھا وہ لوٹ کر ناکام آئے گی

فلک جس پر تمناؤں کے کتنے چاند روشن تھے

کسے معلوم تھا اس پر اماوس کی بھی کوئی شام آئے گی

وہ چھت جو گھر کا سب سے پر سکوں اور پیارا حصہ تھی

کسے معلوم تھا وہ خودکشی کے کام آئے گی

مزید غزلیں از چراغ شرما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں