چندر بھان خیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صرف اک حد نظر کو آسماں سمجھا تھا میں (غزل)
صرف اک حد نظر کو آسماں سمجھا تھا میں
آسمانوں کی حقیقت کو کہاں سمجھا تھا میں
خود ملا اور مل کے وہ اپنا پتہ بھی دے گیا
جبکہ ساری کاوشوں کو رائیگاں سمجھا تھا میں
زندگی کا رنگ پہچانا گیا جینے کے بعد
دور سے اس رنگ کو اڑتا دھواں سمجھا تھا میں
مہربانوں سے ہمیشہ ہی رہے شکوے گلے
اور ہر نا مہرباں کو مہرباں سمجھا تھا میں
دے رہا تھا وہ صدائیں اور میں خاموش تھا
کشمکش کی اس گھڑی کو امتحاں سمجھا تھا میں
ہو گیا ہوں قتل بے رحمی سے ان کے سامنے
حیف جن لوگوں کو اپنا پاسباں سمجھا تھا میں
پاس سے دیکھا تو جانا کس قدر مغموم ہیں
ان گنت چہرے کہ جن کو شادماں سمجھا تھا میں
ہو نہ ہو آس پاس ہے کوئی (غزل)
ہو نہ ہو آس پاس ہے کوئی
میرے جتنا اداس ہے کوئی
سوچتا ہوں تو اور بڑھتی ہے
زندگی ہے کہ پیاس ہے کوئی
حادثہ ایک بھی نہیں گزرا
بے سبب بد حواس ہے کوئی
پھر پرندے شجر سے بچھڑے ہیں
پھر سے تصویر یاس ہے کوئی
اپنی اردو تو لوک بھاشا ہے
اس سے کیوں نا شناس ہے کوئی
جنگ دھرتی پہ ستاروں کے لیے جاری ہے (نظم)
جنگ دھرتی پہ ستاروں کے لیے جاری ہے
حیف صد حیف کہ ہر شے پہ جنوں طاری ہے
کیا ہمیں اپنے مکانوں میں نہ رہنے دے گی
بستیاں دور خلاؤں میں بسانے کی لگن
جنگ در جنگ سلگتے ہیں صداؤں کے بدن
سبز راتوں کے سیہ خون سے تر ہے دامن
آسماں آگ نگلنے پہ ہے مجبور تو پھر
ہر دشا برف کی مانند پگھل جائے گی
زندگی ہاتھ سے دنیا کے نکل جائے گی
ساری تعمیر تباہی میں بدل جائے گی
کوئی تو اپنی قباؤں کو بنا کر پرچم
نعرۂ امن ہواؤں کی جبیں پر لکھ دے