پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشریٰ مسعود کی غزلیں — Bushra Masuud Ghazals

بشریٰ مسعود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکوۂ دل نہیں کریں گے ہم (غزل)

شکوۂ دل نہیں کریں گے ہم

زرد موسم میں کھل اٹھیں گے ہم

اپنی وارفتگی نہ جائے گی

تم سے اک روز آ ملیں گے ہم

گہر آثار آبگینوں کو

گاہے حسرت سے دیکھ لیں گے ہم

خواب در خواب کچھ چراغوں میں

روشنی ڈھونڈتے رہیں گے ہم

اوڑھ لینی ہے پھر ردائے سکوت

چیخ چلا کے تھک چکیں گے ہم

بات کیونکر سمجھ نہ آئے گی

اس تیقن سے گر کہیں گے ہم

اک نظر اور دیکھ لو ہم کو

یوں دوبارہ نہیں سجیں گے ہم

آخری حل تھا یہی پیش نظر جانے دیا (غزل)

آخری حل تھا یہی پیش نظر جانے دیا

ایک گہری سانس لی پھر خواب مر جانے دیا

ساربانا دے گواہی مجھ کو پیاری تھی انا

رکھ لیا زاد سفر اور ہم سفر جانے دیا

حضرت ناصح کی خوش افتادگی پہ داد ہے

خود جدھر سے آئے تھے سب کو ادھر جانے دیا

اس حریم ناز میں یوں بے محابا گفتگو

کچھ بھرم رکھا تو ہوتا تم کو گر جانے دیا

تجھ کو روکا جا رہا تھا روشنی تھی جب تلک

شام کے ڈھلتے سمے سورج کو گھر جانے دیا

آنکھ سپنے دیکھتی تھی آنسوؤں سے کیوں بھری

چاہتی تو پوچھ لیتی میں مگر جانے دیا

دوستا قسمت نہ ہو تو کوششیں بے کار ہیں

صبر کا پیمانہ ہم نے خود ہی بھر جانے دیا

دل مصر تھا بارہا کچھ جانچنے کو رک گئے

آخرش اس نے ہمیں بار دگر جانے دیا

مزید غزلیں از بشریٰ مسعود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں