پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشریٰ ہاشمی کی غزلیں — Bushra Hashmi Ghazals

بشریٰ ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں کو اب نگاہ کی عادت نہیں رہی (غزل)

آنکھوں کو اب نگاہ کی عادت نہیں رہی

اب کچھ بھی دیکھنے کی ضرورت نہیں رہی

سچائیوں کی راہ بہت ہو گئی کٹھن

اس راستے پہ چلنے کی ہمت نہیں رہی

دشمن ہو دوست ہو کوئی اپنا کہ غیر ہو

ہم کو تو اب کسی کی بھی حاجت نہیں رہی

دنیا عزیز تر رہی اک عرصۂ دراز

لیکن اب اس کی بھی تو محبت نہیں رہی

عرصہ ہوا کسی نے پکارا نہیں مجھے

شاید کسی کو میری ضرورت نہیں رہی

کانٹا سا ایک دل میں کھٹکتا ہے مستقل

پر دل کی بات کہنے کی عادت نہیں رہی

سرمایۂ حیات ہوا چاہتا ہے ختم

جس پر غرور تھا وہی دولت نہیں رہی

بشریٰؔ کبھی جو جاؤ وہاں عرض حال کو

کہنا کہ ہم پہ اب وہ عنایت نہیں رہی

سر دشت دل جو سراب تھا کوئی خواب تھا (غزل)

سر دشت دل جو سراب تھا کوئی خواب تھا

مری خواہشوں کا عذاب تھا کوئی خواب تھا

تری خوشبوؤں کی تلاش میں مرا راز داں

وہی ایک کنج گلاب تھا کوئی خواب تھا

وہ جو چاند تھا سر آسماں کوئی یاد تھی

جو گلوں پہ عہد شباب تھا کوئی خواب تھا

جو نہ کٹ سکا وہ نشان تھا کسی زخم کا

جو نہ مل سکا وہ سراب تھا کوئی خواب تھا

مزید غزلیں از بشریٰ ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں