پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

برہما نند جلیس کی غزلیں — Brahma Nand Jalees Ghazals

برہما نند جلیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دینے والے یہ زندگی دی ہے (غزل)

دینے والے یہ زندگی دی ہے

یا مرے ساتھ دل لگی کی ہے

ہم کو معلوم ہی نہ تھا یہ راز

موت کا نام زندگی بھی ہے

آشیانوں کی خیر ہو یا رب

صحن‌ گلشن میں روشنی سی ہے

ہم نے برسوں جگر جلایا ہے

پھر کہیں دل میں روشنی کی ہے

آپ سے دوستی کا اک مفہوم

ساری دنیا سے دشمنی بھی ہے

لوگ مرتے ہیں زندگی کے لئے

ہم نے مر مر کے زندگی کی ہے

ہم کو مارا ہے عاشقی نے جلیسؔ

لوگ کہتے ہیں خود کشی کی ہے

داستان شمع تھی یا قصۂ پروانہ تھا (غزل)

داستان شمع تھی یا قصۂ پروانہ تھا

انجمن میں عشق ہی عنوان ہر افسانہ تھا

جستجوئے دیر و کعبہ سے ہوا ظاہر یہی

میں حقیقت میں خود اپنی ذات سے بیگانہ تھا

میری ہستی تھی بذات خود مکمل مے کدہ

میں کبھی شیشہ کبھی ساغر کبھی پیمانہ تھا

ہائے وہ ایام طفلی ہائے وہ عہد شباب

خواب تھا جو کچھ کہ دیکھا جو سنا افسانہ تھا

بد گمانی سے ہوا اپنے پرائے کا گماں

ورنہ اپنا تھا نہ دنیا میں کوئی بیگانہ تھا

چشم بینا ہی نہ تھی تیری وگرنہ اے کلیم

ذرہ ذرہ میں ظہور جلوۂ جانانہ تھا

محفل ہستی میں دیکھا ہے یہی ہم نے جلیسؔ

جس کو جتنا ہوش تھا اتنا ہی وہ دیوانہ تھا

مزید غزلیں از برہما نند جلیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں