پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بسمل سعیدی کی غزلیں — Bismil Saeedi Ghazals

بسمل سعیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سر جس پہ نہ جھک جائے اسے در نہیں کہتے (غزل)

سر جس پہ نہ جھک جائے اسے در نہیں کہتے

ہر در پہ جو جھک جائے اسے سر نہیں کہتے

کعبے میں مسلمان کو کہہ دیتے ہیں کافر

بت خانے میں کافر کو بھی کافر نہیں کہتے

رندوں کو ڈرا سکتے ہیں کیا حضرت واعظ

جو کہتے ہیں اللہ سے ڈر کر نہیں کہتے

کعبے ہی میں ہر سجدے کو کہتے ہیں عبادت

مے خانے میں ہر جام کو ساغر نہیں کہتے

ہر بار نئے شوق سے ہے عرض تمنا

سو بار بھی ہم کہہ کے مکرر نہیں کہتے

مے خانے کے اندر بھی وہ کہتے نہیں مے خوار

جو بات کہ مے خانے کے باہر نہیں کہتے

کیا اہل جہاں تجھ کو ستم گر نہیں کہتے

کہتے تو ہیں لیکن ترے منہ پر نہیں کہتے

کہتے ہیں محبت فقط اس حال کو بسملؔ

جس حال کو ہم ان سے بھی اکثر نہیں کہتے

یہ میں ہوں تجھ میں اب یا مجھ میں تو ہے (غزل)

یہ میں ہوں تجھ میں اب یا مجھ میں تو ہے

یہ کون اب آئنے میں رو بہ رو ہے

یہ دل ہے اور ہے تیرا تصور

زباں ہے اور تیری گفتگو ہے

انہیں کا ہے یہ دل بھی آرزو بھی

نہ دل میرا نہ میری آرزو ہے

رہا کرتا ہوں کچھ کھویا ہوا سا

خدا جانے مجھے کیا جستجو ہے

ہوا ہوں میں فنا فی العشق بسملؔ

نہ اب دل ہے نہ دل کی آرزو ہے

چھا گئی روح پر اک غم کی گھٹا تیرے بعد (نظم)

چھا گئی روح پر اک غم کی گھٹا تیرے بعد

کتنی تاریک ہے اس دل کی فضا تیرے بعد

تو تو اس دور میں جینے سے تھا پہلے ہی سے تنگ

تجھ کو آئی ہے حقیقت میں قضا تیرے بعد

اتنی سنسان تو یہ بزم ہوئی تھی نہ کبھی

جتنی سنسان ہے بزم‌ شعرا تیرے بعد

عشق و مستی کی بہ آہنگ خیامؔ و حافظؔ

ساز اردو سے نہ نکلے گی صدا تیرے بعد

اب کہاں وہ ترے اشعار کا رنگین اسلوب

کون ہو تیری طرح نغمہ سرا تیرے بعد

کر سکے کون وہ انداز روانی پیدا

کس کے شعروں میں ہو رفتار صبا تیرے بعد

حسن کو خود بھی نہیں اپنی ادا میں جو نصیب

مل سکے اب وہ کسے حسن ادا تیرے بعد

زانو حسن پہ اب نیند کسے ہوگی نصیب

کس کو راس آئے گی دامن کی ہوا تیرے بعد

ماند پڑ جائیں گے گل پیرہنوں کے جلوے

کون دیکھے گا بہاروں کی ادا تیرے بعد

آہ آتشکدۂ بادہ فروشاں پہ کبھی

اب نہ چھائے گی بہشتوں کی فضا تیرے بعد

کرم بے حد ساقی پہ بھی بد مستی میں

کس کو ہو خست ساقی کا گلا تیرے بعد

جس کے ہر جرعے میں مے خانہ امنڈ آتا تھا

دست ساقی میں وہ ساغر نہ رہا تیرے بعد

بارشیں آئیں گی اخترؔ نہ اٹھے گی لیکن

افق جام سے مستانہ گھٹا تیرے بعد

تیرے احباب خصوصی کی وفا کیا کہئے

یاد آئی ہے انہیں اپنی وفا تیرے بعد

جیتے جی جس نے نہ ہونے دیا ہم بزم تجھے

گرم اس سے ہے تری بزم عزا تیرے بعد

زندگی میں تجھے جس نے نہ پلائی ہو شراب

تیری بخشش کی نہ مانگے وہ دعا تیرے بعد

کاش میرے لیے لکھتا وہ تجھے جو اخترؔ

جوش نے تیرے لیے مجھ کو لکھا تیرے بعد

ہے تری بے کسیٔ عشق کا رونا مجھ کو

کوئی پرسان محبت نہ رہا تیرے بعد

تیری ریحانۂ شعر اور تری سلمائے شراب

کس کی ہو کر رہیں بسملؔ کے سوا تیرے بعد