بشن دیال شاد دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر زباں میں ہر زباں پر ایک ہی افسانہ ہے (غزل)
ہر زباں میں ہر زباں پر ایک ہی افسانہ ہے
کچھ تو ہے جو سارا عالم آپ کا دیوانہ ہے
مبتلا وہ خود بھی ہے جو ظاہراً بیگانہ ہے
جس کا غم اہل نظر کی عشرت مستانہ ہے
اعتبار ماسوا اس راز سے بیگانہ ہے
رنج فرقت اضطراب حسن کا ہرجانہ ہے
باعث طوق اسیری دام ہے یا دانہ ہے
اس سے پوچھا چاہئے جو ہوش کا دیوانہ ہے
قیس دنیا کی نظر میں آج بھی دیوانہ ہے
ناز برداری کا کتنا مختصر افسانہ ہے
آستاں بوسی کی لذت اسود کعبہ سے پوچھ
سنگ سمجھا ہے جسے تو عارض جانانہ ہے
آپ ہی کی یاد سے دل شاد ہے آباد ہے
آپ جس دل میں نہیں وہ دل نہیں ویرانہ ہے
ساقیا اس بزم فانی میں وہی ہے خوش نصیب
روبرو جس کے سبو ہے ہاتھ میں پیمانہ ہے
بزم امکاں میں کوئی مجھ سا نظر باز نہیں (غزل)
بزم امکاں میں کوئی مجھ سا نظر باز نہیں
یہ جگر دیکھ کہ اس پر بھی مجھے ناز نہیں
ظلم کیا کرتی تری چشم فسوں ساز نہیں
اک اچھوتی سی حیا کا مجھے انداز نہیں
نازش بربط دل درد ہے آواز نہیں
حامل سوز نہیں تار تو وہ ساز نہیں
آج حاصل ہے سکوں مجھ کو جنوں کے صدقے
اب کسی سمت سے آتی کوئی آواز نہیں
داور عشق نے بخشی ہے وہ مصروف نظر
فکر انجام نہیں فرصت آغاز نہیں
کعبۂ حسن میں یوں دل نہیں لگتا اپنا
صورت ناز نہیں سیرت انداز نہیں
عین مستی ہے بھلا کون دے زاہد کو جواب
جام گل رنگ تو شرمندۂ آواز نہیں
ہائے صیاد نے آزاد کیا تو اس دم
جب کہ بازو میں مرے جرأت پرواز نہیں
اک تبسم کے تصور میں فدا جان نہ کر
اتنی تعجیل ابھی او دل جانباز نہیں
آپ کی رات کیوں آنکھوں میں کٹی کچھ سمجھے
اس کی لاٹھی میں کہاوت ہے کہ آواز نہیں
جس میں دشمن بھی کرے آرزو مر جانے کی
لطف دلدار سے بہتر کوئی اعجاز نہیں
شادؔ اک حسن طرح دار کی عصمت کی قسم
عشق منظور حقیقت ہے کوئی راز نہیں
اک چڑیا کے بچے چار (نظم)
اک چڑیا کے بچے چار
گھر سے نکلے پنکھ پسار
چیں چیں کرتے پنکھ ہلاتے
چونچ کھول کر بھوک جتاتے
چڑیا ان کی خاطر کرتی
دانہ ان کی چونچ میں بھرتی
جب بھی اوپر جاتی اڑ کر
بچوں سے کچھ کہتی مڑ کر
وہ بھی آتے اس کے پاس
یوں ہوتا رہتا ابھیاس
دو اک دن جب یوں ہی بیتے
اور بچے خود کھاتے پیتے
جب ڈر ان کا گیا نکل
اور پنکھوں میں آ گیا بل
چڑیا بولی اب تم جاؤ
اپنا جیون آپ بتاؤ