پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بہزاد لکھنوی کی غزلیں — Behzad Lakhnavi Ghazals

بہزاد لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے (غزل)

اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے

منزل کے لیے دو گام چلوں اور سامنے منزل آ جائے

اے دل کی لگی چل یوں ہی سہی چلتا تو ہوں ان کی محفل میں

اس وقت مجھے چونکا دینا جب رنگ پہ محفل آ جائے

اے رہبر کامل چلنے کو تیار تو ہوں پر یاد رہے

اس وقت مجھے بھٹکا دینا جب سامنے منزل آ جائے

ہاں یاد مجھے تم کر لینا آواز مجھے تم دے لینا

اس راہ محبت میں کوئی درپیش جو مشکل آ جائے

اب کیوں ڈھونڈوں وہ چشم کرم ہونے دے ستم بالائے ستم

میں چاہتا ہوں اے جذبۂ غم مشکل پس مشکل آ جائے

اس جذبۂ دل کے بارے میں اک مشورہ تم سے لیتا ہوں

اس وقت مجھے کیا لازم ہے جب تجھ پہ مرا دل آ جائے

اے برق تجلی کوندھ ذرا کیا مجھ کو بھی موسیٰ سمجھا ہے

میں طور نہیں جو جل جاؤں جو چاہے مقابل آ جائے

کشتی کو خدا پر چھوڑ بھی دے کشتی کا خدا خود حافظ ہے

مشکل تو نہیں ان موجوں میں بہتا ہوا ساحل آ جائے

دیوانہ بنانا ہے تو دیوانہ بنا دے (غزل)

دیوانہ بنانا ہے تو دیوانہ بنا دے

ورنہ کہیں تقدیر تماشہ نہ بنا دے

اے دیکھنے والو مجھے ہنس ہنس کے نہ دیکھو

تم کو بھی محبت کہیں مجھ سا نہ بنا دے

میں ڈھونڈھ رہا ہوں مری وہ شمع کہاں ہے

جو بزم کی ہر چیز کو پروانہ بنا دے

آخر کوئی صورت بھی تو ہو خانۂ دل کی

کعبہ نہیں بنتا ہے تو بت خانہ بنا دے

بہزادؔ ہر اک گام پہ اک سجدۂ مستی

ہر ذرے کو سنگ در جانانہ بنا دے

تم یاد مجھے آ جاتے ہو (نظم)

تم یاد مجھے آ جاتے ہو

جب صحن چمن میں کلیاں کھل کر پھول کی صورت ہوتی ہیں

اور اپنی مہک سے ہر دل میں اک تخم لطافت بوتی ہیں

جب برکھا کی رت آتی ہے جب کالی گھٹائیں اٹھتی ہیں

جس وقت کہ رندوں کے دل سے ہو حق کی صدائیں اٹھتی ہیں

جب مینہ کی پھواریں پڑتی ہیں جب ٹھنڈی ہوائیں آتی ہیں

جب صحن چمن سے گھبرا کر پی پی کی صدائیں آتی ہیں

جب چودھویں شب کا چاند نکل کر دہر منور کرتا ہے

جب کوئی محبت کا مارا کچھ ٹھنڈی سانسیں بھرتا ہے

جب رات کی ظلمت گھٹتی ہے جب صبح کا نور ابھرتا ہے

جب کوئل کوکو کرتی ہے جب پنچھی پی پی کرتا ہے

جب کوئی کسی کا ہاتھ پکڑ کر سیر کو باہر جاتا ہے

جب کوئی نگاہ شوق کے آگے رہ رہ کر گھبراتا ہے

جب چار نگاہیں کر کے کوئی محو تبسم ہوتا ہے

جب کوئی محبت کا مارا اس کیف میں پڑ کر کھوتا ہے

افلاک پہ جب یہ لاکھوں تارے جگ مگ جگ مگ کرتی ہیں

جب تارے گن گن کر دل والے ٹھنڈی سانسیں بھرتے ہیں

جب رات کا بڑھتا ہے سناٹا چین سے دنیا سوتی ہے

تب آنکھ مری کھل جاتی ہے اور دل کی رگ رگ روتی ہے

جب روتا ہے بہزاد حزیںؔ وہ شاعر وہ دیوانہ سا

وہ دل والا وہ سودائی وہ دنیا سے بیگانہ سا

مزید غزلیں از بہزاد لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں