پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بتول مسرت کی غزلیں — Batool Mussarat Ghazals

بتول مسرت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حال دل کا تو نگاہوں سے بیاں ہوتا ہے (غزل)

حال دل کا تو نگاہوں سے بیاں ہوتا ہے

رقص بسمل پہ تماشے کا گماں ہوتا ہے

زندہ رہتی ہوں کسی کرب کے تہہ خانے میں

سانس لینا بھی کبھی ایسے گراں ہوتا ہے

جس کی فطرت میں وفائیں نہیں ہوتیں شامل

پھر اثر اس پہ محبت کا کہاں ہوتا ہے

یوں مرے دل میں محبت ہے تمہاری ہمدم

سیپ میں جیسے گہر کوئی نہاں ہوتا ہے

شدت کرب سے میں جب بھی تڑپ اٹھتی ہوں

عزم تخلیق مرا اور جواں ہوتا ہے

حسرتیں دل کی سبھی راکھ ہوئی جاتی ہیں

جس طرح بجھتے چراغوں کا دھواں ہوتا ہے

جلتا دیا ہواؤں کے محضر میں آ گیا (غزل)

جلتا دیا ہواؤں کے محضر میں آ گیا

منظر میں ایک رنگ تھا پیکر میں آ گیا

سورج ابھی تو راہ میں تھا جانے کس طرح

دستک دئے بغیر مرے گھر میں آ گیا

اپنے پرائے چھوڑ کے سب مجھ کو جا چکے

کیسا یہ موڑ میرے مقدر میں آ گیا

لڑنے سے پہلے ہی سبھی ہارے ہوئے ہیں لوگ

خوف شکست کیسا یہ لشکر میں آ گیا

جتنے بھی خواب تھے مرے خوابوں میں رہ گئے

منظر یہ کیسا خواب کے منظر میں آ گیا

میں نے حنائی پاؤں کو پانی پہ کیا دھرا

قوس قزح کا رنگ سمندر میں آ گیا

مزید غزلیں از بتول مسرت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں