پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بسنت لکھنوی کی غزلیں — Basant Lakhnavi Ghazals

بسنت لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تاب نظارہ کہاں کس کو بھلا آج کے دن (نظم)

تاب نظارہ کہاں کس کو بھلا آج کے دن

ذرہ ذرہ ہوا خورشید نما آج کے دن

مست و سرشار چمن لالہ و نرگس شاداب

جھوم کر چھائی ہے گلشن پہ گھٹا آج کے دن

جام پر جام چھلکنے لگے میخانے میں

ساتھ مے پیتے ہیں ارباب وفا آج کے دن

مہندی ہاتھوں میں حنا پیرہن رنگیں میں

مہ وشوں کی کوئی دیکھے تو ادا آج کے دن

دوستو صدق و اہنسا کے اصولوں پہ چلو

چھوڑ دو رسم و رہ جور و جفا آج کے دن

مطرب وقت سے کہہ دو کوئی نغمہ چھیڑے

گونج اٹھے ساز پہ شاعر کی نوا آج کے دن

ذہن و باطن کو کرو صاف ذرا ہم وطنو

سیکھ لو رسم وفا صدق و صفا آج کے دن

کون سی بزم ہے جس میں نہیں سامان طرب

ہے بشر کون جو شادان نہ ہو آج کے دن

مٹ گئی تیرہ شبی مہر منور سے بسنتؔ

نور ہی نور گلستاں میں ہوا آج کے دن

مزید غزلیں از بسنت لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں