برق آشیانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے کسیٔ سحر و شام پہ ہنس دیتا ہوں (غزل)
بے کسیٔ سحر و شام پہ ہنس دیتا ہوں
غربت گردش ایام پہ ہنس دیتا ہوں
طعن ہو طنز ہو تحقیر ہو یا ہو تذلیل
ان کی ہر بات پہ ہر کام پہ ہنس دیتا ہوں
روتے ہیں ساغر لبریز بھی لے کر کچھ رند
میں مگر اپنے تہی جام پہ ہنس دیتا ہوں
قصۂ درد کو کرتے ہوئے ضبط تحریر
روتے روتے بھی ترے نام پہ ہنس دیتا ہوں
زیست میں جب نہیں آتی کسی عنواں پہ ہنسی
آپ اپنے دل ناکام پہ ہنس دیتا ہوں
ہر طرح خاطر صیاد ہے منظور کلیمؔ
دل تو ہے مائل کہرام پہ ہنس دیتا ہے
محبت کے سفر میں ایک ایسا بھی مقام آیا (غزل)
محبت کے سفر میں ایک ایسا بھی مقام آیا
سہارے کے لئے لب پر تمہارے میرا نام آیا
ہوا ساکت فضا مبہوت اور لب بند غنچوں کے
چمن میں کون ہنگام سحر نازک خرام آیا
پناہیں ڈھونڈ لیں خورشید نے کہسار کے پیچھے
جو دیکھا شام کو اک ماہ وش بالائے بام آیا
سنا ہے میکدہ اپنا ہے اب ساقی بھی اپنا ہے
مگر رندوں کے حصہ میں نہ مے آئی نہ جام آیا
یہ ان کی بھول تھی یا جذبۂ دل کا کرشمہ تھا
میں حیراں ہوں مرا ان کی زباں پر کیسے نام آیا
ہوا کا ایک جھونکا اتفاقاً چل گیا شاید
تو دیوانوں نے سمجھا موسم گل کا پیام آیا
بدل دے بادۂ کہنہ بدل دے ساغر گل کو (نظم)
بدل دے بادۂ کہنہ بدل دے ساغر گل کو
بدل دے طرز مے نوشی بدل دے رنگ محفل کو
بدل دے قصۂ مجنون پابند سلاسل کو
بدل دے داستان کہنۂ لیلیٰ محمل کو
بدل دے گلشن ہستی کے خونیں لالہ زاروں کو
بدل دے محفل عشرت کے کہنہ بادہ خواروں کو
بدل دے کہکشاں کو چاند کو سورج کو تاروں کو
بدل دے ان سبھی فرقت کے جھوٹے غم گساروں کو
بدل دے اک نئے انداز میں رفتار فطرت کو
بدل دے اک نئی تنظیم میں پیکار فطرت کو
بدل دے کیف آگیں لطف میں آزار فطرت کو
بدل دے بربط ہستی کے ہر اک تار فطرت کو
یہ راز کامرانی ہے اسی میں کامیابی ہے
یہاں ہر دم تغیر ہے یہ فطرت انقلابی ہے