پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بانو طاہرہ سعید کی غزلیں — Bano Tahira Sayeed Ghazals

بانو طاہرہ سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خاموش ہیں خاموش مگر دیکھ رہے ہیں (غزل)

خاموش ہیں خاموش مگر دیکھ رہے ہیں

ہم دیکھنے والوں کی نظر دیکھ رہے ہیں

تاریک فضاؤ میں بھی جگنو کوئی چمکا

آج اپنی دعاؤں کا اثر دیکھ رہے ہیں

کیا بات ہے کیا راز بنے کیا ہو گیا آخر

کیوں آپ کو با دیدۂ تر دیکھ رہے ہیں

خود موت سے ٹکرانے کا جن کو ہے سلیقہ

مر کے بھی وہ اپنے کو امر دیکھ رہے ہیں

دیکھا نہ ہمیں مڑ کے بھی اک بار کسی نے

ہم شوق سے تا حد نظر دیکھ رہے ہیں

کیا جانئے اس راہ سے کب ان کا گزر ہو

مدت سے مگر راہ گزر دیکھ رہے ہیں

مر مر کے جیے یوں دنیا میں جینے کا سلیقہ بھول گئے (غزل)

مر مر کے جیے یوں دنیا میں جینے کا سلیقہ بھول گئے

بے نام و نشاں کچھ ایسے ہوئے ہم نام بھی اپنا بھول گئے

صحرا سے ہوئی نسبت جب سے ویرانوں میں محفل جمتی ہے

اے جوش جنوں تیرے صدقے آبادی سے رشتہ بھول گئے

سب حوصلے دل کے پست ہوئے ساحل پہ سفینہ کیا پہنچا

موجوں سے الجھنا چھوڑ دیا طوفانوں سے لڑنا بھول گئے

اک خواب سا جیسے دیکھا تھا تعبیر نہ تھی کوئی جس کی

آواز ہے کچھ کچھ یاد مگر نقش رخ زیبا بھول گئے

اب کس کا سہارا باقی ہے اب کس سے شفا مانگے کوئی

بیماری نے اپنا کام کیا تم جب سے مسیحا بھول گئے

اتنا ہے ہمارا افسانہ اے طاہرہؔ اتنا یاد رہے

مرجھائے ہوئے غنچہ کی طرح کھلنے کی تمنا بھول گئے

میرے آزاد وطن تیری بہاروں کو سلام (نظم)

میرے آزاد وطن تیری بہاروں کو سلام

تیری پر کیف فضا تیرے نظاروں کو سلام

جن کی خدمات سے چمکی ہے وطن کی قسمت

جگمگاتے ہوئے ان چاند ستاروں کو سلام

کارواں جن کا لٹا راہ میں آزادی کی

قوم کا ملک کا ان درد کے ماروں کو سلام

لکھ گئے اپنے لہو سے جو وفا کے قصے

ان شہیدوں پہ درود ان کے مزاروں کو سلام

طاہرہؔ سالگرہ آج ہے آزادی کی

ہند کے خورد و کلاں ساتھیوں پیاروں کو سلام

مزید غزلیں از بانو طاہرہ سعید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں