پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلراج کمار کی غزلیں — Balraj Kumar Ghazals

بلراج کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھولوں کی خواہش میں اکثر کانٹوں کو اپناتے ہیں (غزل)

پھولوں کی خواہش میں اکثر کانٹوں کو اپناتے ہیں

عادت سے مجبور ہیں اپنا دامن خود الجھاتے ہیں

ایک نظر ان کی خاطر بھی ایک نظر ان کی جانب

موسم گل میں جو دیوانے ماتمی نغمے گاتے ہیں

سیپ کے باہر پانی کیا مفلس کا میلا آنچل کیا

سونے پر ٹپکے آنسو بھی تاج محل بن جاتے ہیں

پچھلے ساون میں پل پل جلتے رہنے کا حکم ملا

اب کے تیرے دیس کے بادل کیا سندیسہ لاتے ہیں

درد کے صحراؤں کے آگے پیار کے میٹھے چشمے ہیں

خوابوں کے سوداگر جانے کیا کیا خواب دکھاتے ہیں

لوگ یہ کیسے ہیں جو ہم سے دن میں آنکھ چراتے ہیں

شام ڈھلے تو لے کر ساغر پینے پلانے آتے ہیں

تم اس زمیں کو زمیں ہی رہنے دو (نظم)

تم اس زمیں کو زمیں ہی رہنے دو

سب شیاطین کو فرشتوں کو ختم کر دو

زمیں جہنم کا اور جنت کا مظہر اشتراک ہے

یہ کہ اک حسیں امتزاج ہے جس میں پیار و الفت کے

میٹھے چشمے بھی نفرتوں کے ابلتے آتش فشاں بھی

گل بھی ہیں خار بھی گلستاں بھی ہیں ریگزار بھی ہیں

بلندیاں بھی ہیں پستیاں بھی ہیں

دھوپ چھاؤں کا رات دن کا تضاد بھی ہے

یہاں کہ ہیں دل خراش چیخیں بھی رونا دھونا بھی

اور خوشیوں کے چند نغمے بھی

ساری دھرتی کے لوگ ایسے ہی

رکتے چلتے ہیں روتے ہنستے ہیں

آسماں کی کرامتوں کو بھی

اپنے ہونے کے المیے کو بھی جھیلتے ہیں

زمین اک مرحلۂ تخلیق کائناتی گناہ لازم

یا شہر اضداد ہو بھی سکتی ہے کون جانے

مگر یہ سچ ہے کہ دل کشی اور حسن

دھرتی کی فطری ہیئت میں ہی ملے گا

یہ آسمانی کتابیں چھوڑو

زمین جنت نہ بن سکے گی

زمیں جہنم نہ بن سکے گی

زمیں کی اعرافی حیثیت میں ہی اس کی عظمت بھی مختفی ہے

مزید غزلیں از بلراج کمار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں