پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلراج کومل کی غزلیں — Balraj Komal Ghazals

بلراج کومل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بارشوں میں غسل کرتے سبز پیڑ (غزل)

بارشوں میں غسل کرتے سبز پیڑ

دھوپ میں بنتے سنورتے سبز پیڑ

کس قدر تشہیر غم سے دور تھا

چپکے چپکے آہ بھرتے سبز پیڑ

دور تک روتی ہوئی خاموشیاں

رات کے منظر سے ڈرتے سبز پیڑ

دشت میں وہ راہرو کا خواب تھے

گھر میں کیسے پاؤں دھرتے سبز پیڑ

دوستوں کی سلطنت میں دور تک

دشمنوں کے ڈھور چرتے سبز پیڑ

کر گئے بے مہر موسم کے سپرد

رفتہ رفتہ آج مرتے سبز پیڑ

کھویا کھویا اداس سا ہوگا (غزل)

کھویا کھویا اداس سا ہوگا

تم سے وہ شخص جب ملا ہوگا

قرب کا ذکر جب چلا ہوگا

درمیاں کوئی فاصلہ ہوگا

روح سے روح ہو چکی بد ظن

جسم سے جسم کب جدا ہوگا

پھر بلایا ہے اس نے خط لکھ کر

سامنے کوئی مسئلہ ہوگا

ہر حماقت پہ سوچتے تھے ہم

عقل کا اور مرحلہ ہوگا

گھر میں سب لوگ سو رہے ہوں گے

پھول آنگن میں جل چکا ہوگا

کل کی باتیں کرو گے جب لوگو

خوف سا دل میں رونما ہوگا

کچھ لوگ (نظم)

کچھ لوگ

جو میرے دل کو اچھے لگتے تھے

عمروں کے ریلے میں آئے

اور جا بھی چکے

کچھ دھندوں میں مصروف ہوئے

کچھ چوہا دوڑ میں جیتے گئے

کچھ ہار گئے

کچھ قتل ہوئے

کچھ بڑھتی بھیڑ میں

اپنے آپ سے دور ہوئے

کچھ ٹوٹ گئے کچھ ڈوب گئے

مجھ پر یہ خوف اب چھایا ہے

میں کس سے ملنے جاؤں گا

میں کس کو پاس بلاؤں گا

آندھی ہے، گرم ہوا ہے، آگ برستی ہے

کچھ دیر ہوئی

اک صورت، شبنم سی صورت

اس تپتی راہ سے گزری تھی

دو بچے پیڑ کے پتوں میں چھپ کر بیٹھے تھے

ہنستے شور مچاتے تھے

اک دوست پرانا

برسوں بعد ملا مجھ کو

اس جلتے دن کی

صبح کچھ ایسی روشن تھی

جب باد صبا وارفتہ رو

خوشبوؤں، نغموں، ننھی منی باتوں کا

انداز لیے آنگن میں چلی

میں زندہ ہوں

یہ سوچ کے خوش ہو جاتا ہوں

وہ تھوڑی دیر تو میرے پاس سے گزری تھی

وہ میرے دل میں اتری تھی

اس بے محرم سے موسم میں

شاید وہ کل بھی آئے گی

شاید وہ کل بھی میری راہ سے گزرے گی

مزید غزلیں از بلراج کومل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں