پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بابر ظہراب کی غزلیں — Babar Zuhrab Ghazals

بابر ظہراب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل سے تمہاری یاد گزارا کروں گا میں (غزل)

دل سے تمہاری یاد گزارا کروں گا میں

تنہائی میں بھی تم کو پکارا کروں گا میں

جو اشک ہجر یار نے بخشا ہے آنکھ کو

کچھ دن میں اس کو اپنا ستارہ کروں گا میں

تب دیکھنا فلک کا بدلتا ہوا مزاج

جب چاند کو زمیں سے اشارا کروں گا میں

کیوں سانس بند ہوں گے مرے میرے حکم سے

کیوں بحر زندگی سے کنارہ کروں گا میں

میں راہ فکر و فن سے دیا لے کے علم کا

گزرا کروں گا خود کو گزارا کروں گا میں

اب مجھ پہ اصل ہار کا مطلب کھلا ہے دوست

اس کھیل میں تو جان کے ہارا کروں گا میں

خلق خدا سنوار سکے تاکہ خد و خال

ظہرابؔ آئنے کو سنوارا کروں گا میں

سفر کی ظلمتوں میں یہ ستارہ چاہیے مجھ کو (غزل)

سفر کی ظلمتوں میں یہ ستارہ چاہیے مجھ کو

ابھی تیری محبت کا سہارا چاہیے مجھ کو

کوئی تازہ بہت تازہ نظر کا زاویہ مل جائے

کوئی روشن بہت روشن نظارہ چاہیے مجھ کو

مرے الفاظ کی جھولی کہیں خالی نہ رہ جائے

یہ جو سرمایۂ غم ہے یہ سارا چاہیے مجھ کو

کوئی برسات کا بادل یہاں بار دگر آئے

دھنک جیسا کوئی لمحہ دوبارہ چاہیے مجھ کو

خدائے بحر مجھ کو پانیوں میں سانس دی توں نے

مگر اب اس سمندر سے کنارہ چاہئے مجھ کو

ابھی تو اک ستارے پر قدم میں نے جمائے ہیں

ابھی تو آسماں سارے کا سارا چاہیے مجھ کو

تری خواہش کے آنگن میں ہو میرے پیار کی چھایا

مکمل اس حویلی پر اجارا چاہیے مجھ کو

ابھی ظہرابؔ اس کو دیکھتا ہوں چشم حیرت سے

ابھی دریاے حیرت کا کنارہ چاہیے مجھ کو

مزید غزلیں از بابر ظہراب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں