ازور شیرازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خوشی ملے بھی تو چہرہ نہیں بدلتے ہیں (غزل)
خوشی ملے بھی تو چہرہ نہیں بدلتے ہیں
کہ ہم کبھی صف گریہ نہیں بدلتے ہیں
مجھے یقین ہے دنیا ضرور بدلیں گے
جو اختلاف پہ لہجہ نہیں بدلتے ہیں
نہ جانے کون مصیبت میں کام آ جائے
کسی کے ساتھ رویہ نہیں بدلتے ہیں
جنہیں بہت ہے عبارت کے فن سے آگاہی
ترا لکھا ہوا جملہ نہیں بدلتے ہیں
پرانی عادتیں پہچان بن گئیں میری
سو خود کو اتنا زیادہ نہیں بدلتے ہیں
سمجھ رہے ہیں پرندے قفس کو گھر اپنا
شکاری اس لیے پنجرہ نہیں بدلتے ہیں
خدا مجھے بھی عطا کر دے ایسے دوست کہ جو
چراغ بجھنے پہ خیمہ نہیں بدلتے ہیں
تجھے پتہ نہیں عہد جدید کے عشاق
جنوں بھی آئے تو حلیہ نہیں بدلتے ہیں
تو زندگی کو بدلنے کی بات کرتا ہے
ہم اس کے ہجر میں حجرہ نہیں بدلتے ہیں
مانا کہ نہیں آج طرف دار ہماری (غزل)
مانا کہ نہیں آج طرف دار ہماری
دنیا کبھی ہوتی تھی پرستار ہماری
افسوس تو یہ ہے کہ دلاسہ نہیں دیتا
وہ بات تو سنتا ہے کئی بار ہماری
ظالم کے لیے نرم رویہ نہیں رکھتے
مظلوم پہ چلتی نہیں تلوار ہماری
ٹوٹے ہوئے رشتوں کی بحالی کے لیے تھی
جتنی بھی ہوئی آپ سے تکرار ہماری
ہر ایک سے بیعت کا تقاضا نہیں کرتے
تعداد سے بنتی نہیں سرکار ہماری
ہم لوگ اگر آ ہی گئے ہیں سر بازار
قیمت نہ گرا چشم خریدار ہماری