پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز وارثی کی غزلیں — Aziz Warsi Ghazals

عزیز وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوزش غم کے سوا کاہش فرقت کے سوا (غزل)

سوزش غم کے سوا کاہش فرقت کے سوا

عشق میں کچھ بھی نہیں درد کی لذت کے سوا

دل میں اب کچھ بھی نہیں ان کی محبت کے سوا

سب فسانے ہیں حقیقت میں حقیقت کے سوا

کون کہہ سکتا ہے یہ اہل طریقت کے سوا

سارے جھگڑے ہیں جہاں میں تری نسبت کے سوا

کتنے چہروں نے مجھے دعوت جلوہ بخشی

کوئی صورت نہ ملی آپ کی صورت کے سوا

غم عقبیٰ غم دوراں غم ہستی کی قسم

اور بھی غم ہیں زمانے میں محبت کے سوا

بزم جاناں میں ارے ذوق فراواں اب تک

کچھ بھی حاصل نہ ہوا دیدۂ حیرت کے سوا

وہ شب ہجر وہ تاریک فضا وہ وحشت

کوئی غمخوار نہ تھا درد کی شدت کے سوا

محتسب آؤ چلیں آج تو مے خانے میں

ایک جنت ہے وہاں آپ کی جنت کے سوا

جو تہی دست بھی ہے اور تہی دامن بھی

وہ کہاں جائے گا تیرے در دولت کے سوا

جس نے قدرت کے ہر اقدام سے ٹکر لی ہے

وہ پشیماں نہ ہوا جبر مشیت کے سوا

مجھ سے یہ پوچھ رہے ہیں مرے احباب عزیزؔ

کیا ملا شہر سخن میں تمہیں شہرت کے سوا

تری تلاش میں نکلے ہیں تیرے دیوانے (غزل)

تری تلاش میں نکلے ہیں تیرے دیوانے

کہاں سحر ہو کہاں شام ہو خدا جانے

حرم ہمیں سے ہمیں سے ہیں آج بت خانے

یہ اور بات ہے دنیا ہمیں نہ پہچانے

حرم کی راہ میں حائل نہیں ہیں بت خانے

حرم سے اہل حرم ہو گئے ہیں بیگانے

یہ غور تو نے کیا بھی کہ حشر کیا ہوگا

تڑپ اٹھے جو قیامت میں تیرے دیوانے

عزیزؔ اپنا ارادہ کبھی بدل نہ سکا

حرم کی راہ میں آئے ہزار بت خانے