پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز قادری کی غزلیں — Aziz Qadri Ghazals

عزیز قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے گناہی کی سزا دیں گے ترے شہر کے لوگ (غزل)

بے گناہی کی سزا دیں گے ترے شہر کے لوگ

مجھ کو دیوانہ بنا دیں گے ترے شہر کے لوگ

شاہراہوں پہ ہمیشہ نہ ملا کر مجھ سے

تجھ پہ الزام لگا دیں گے ترے شہر کے لوگ

تو مرا ذکر نہ کر میرا کہیں نام نہ لے

آگ پانی میں لگا دیں گے ترے شہر کے لوگ

شام ہوتے ہی دماغوں پہ جنوں چھائے گا

کوئی افواہ اڑا دیں گے ترے شہر کے لوگ

میری آنکھوں میں ٹٹولیں گے سب اپنے چہرے

آئنہ مجھ کو بنا دیں گے ترے شہر کے لوگ

آ کے بیٹھوں گا کسی دن جو گھڑی بھر کے لئے

تیرے آنگن سے اٹھا دیں گے ترے شہر کے لوگ

حادثہ رات کا ہوں میں مری وقعت کیا ہے

صبح ہوتے ہی بھلا دیں گے ترے شہر کے لوگ

جانتا ہوں مجھے پیاسا تو نہ رہنے دیں گے

کم سے کم زہر پلا دیں گے ترے شہر کے لوگ

اپنے کاندھوں پہ اٹھائے ہوئے جاتے ہیں عزیزؔ

مجھ کو مٹی میں ملا دیں گے ترے شہر کے لوگ

زخم کو زخم نہیں جسم کی زینت سمجھو (غزل)

زخم کو زخم نہیں جسم کی زینت سمجھو

زندہ دل ہو تو ہر اک رنج کو راحت سمجھو

سادگی اتنی بھی اچھی نہیں ناداں نہ بنو

پیار کو پیار عداوت کو عداوت سمجھو

شاخ گل سے مجھے تشبیہ نہ دو ضد نہ کرو

آگ میں جلتی ہوئی کوئی عمارت سمجھو

جلد بازی میں کوئی رائے نہ قائم کر لو

غور سے خط کو پڑھو خط کی عبارت سمجھو

ایک بیدار نفس شہر میں زندہ ہے ابھی

قدر داران جنوں یہ بھی غنیمت سمجھو

خود نمائی کا ذریعہ ہوں مری قدر کرو

آئنہ ہوں مجھے چہروں کی امانت سمجھو

تلخ گو ہو کے بھی ہر حال میں مخلص ہوں عزیزؔ

میری عادت کو نہ دیکھو مری فطرت سمجھو

مزید غزلیں از عزیز قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں