پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز نہٹوری کی غزلیں — Aziz Nehtauri Ghazals

عزیز نہٹوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچے دھاگے پہ نہ جا اس کا بھروسا کیا ہے (غزل)

کچے دھاگے پہ نہ جا اس کا بھروسا کیا ہے

ناصحا رند بلا نوش کی توبہ کیا ہے

چین لینے نہیں دیتی تو کسی بھی صورت

زندگی کچھ تو بتا دے ترا منشا کیا ہے

حال تیرا بھی یہی ہوگا سن اے غنچۂ نو

دیکھ کر پھول کے انجام کو ہنستا کیا ہے

اور ہوں گے غم و آلام سے ڈرنے والے

تو نے اے گردش دوراں ہمیں سمجھا کیا ہے

میں تری مست نگاہوں کے تصدق ساقی

جام رہنے دے ترے جام میں رکھا کیا ہے

جانے کس آس پہ اٹکا ہے یہ دم آنکھوں میں

ورنہ اب آپ کے بیمار میں رکھا کیا ہے

زندگی دی ہے تو اللہ یہ توفیق بھی دے

میں سمجھ لوں مری تخلیق کا منشا کیا ہے

اے عزیزؔ اس کا ہر اک شے سے ہے جلوہ ظاہر

پھر سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ پردہ کیا ہے

آگ بھڑکی کہاں تھی کدھر لگ گئی (غزل)

آگ بھڑکی کہاں تھی کدھر لگ گئی

تھی خطا کس کی اور کس کے سر لگ گئی

دل دھڑکنے لگا مسکراتے ہوئے

میری خوشیوں کو کس کی نظر لگ گئی

اس چمن کے مقدر میں ہی آگ ہے

آج ادھر لگ گئی کل ادھر لگ گئی

بات تو آپ کے اور مرے بیچ تھی

پھر زمانے کو کیسے خبر لگ گئی

آپ اب جو بھی چاہیں وہ عنوان دیں

میری تصویر دیوار پر لگ گئی

میرے دامن پہ چشم کرم اے خدا

میں مسافر تھا گرد سفر لگ گئی

آگ تو آگ ہے آگ کی بات کیا

لاکھ دامن بچایا مگر لگ گئی

جیب و دامن سے محروم ہو جاؤ گے

چوٹ اگر میرے احساس پر لگ گئی

اے عزیزؔ ان کو احساس ہوتا نہیں

اور مری زندگی داؤ پر لگ گئی

مزید غزلیں از عزیز نہٹوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں