پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز خاں عزیز کی غزلیں — Aziz Khan Aziz Ghazals

عزیز خاں عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے وفا پائے گئے حسن کے پیکر کتنے (غزل)

بے وفا پائے گئے حسن کے پیکر کتنے

پھر بھی وابستہ رہے ان سے مقدر کتنے

اٹھ گئے محفل دنیا سے سخنور کتنے

ان میں گزرے ہیں صداقت کے پیمبر کتنے

آج بن بیٹھے ہیں بت خانوں کی عظمت کے نشاں

میرے ہاتھوں کے تراشے ہوئے پتھر کتنے

غیر ممکن نہیں تسخیر زمانہ لیکن

آپ کے پاس ہیں اخلاق کے زیور کتنے

نیکیاں کر کے بھلا دینا ہے شیوہ جن کا

دیکھیے بستی میں ایسے ہیں تونگر کتنے

دور کر دیتے ہیں احباب و اقارب کو ندیم

منہ سے نکلے ہوئے الفاظ کے نشتر کتنے

امتحاں لے کے کئی بار فلک نے دیکھا

خاک کے پتلے میں پوشیدہ ہیں جوہر کتنے

رہنمائی کا کبھی دعویٰ کیا کرتے تھے

بیچ طوفان کے ہم راہ تھے رہبر کتنے

پر سکوں دور کی حسرت میں خدا جانے عزیزؔ

دیکھنے ہوں گے ہمیں خون کے منظر کتنے

کون ہے قوم کا معمار چلو دیکھیں گے (غزل)

کون ہے قوم کا معمار چلو دیکھیں گے

کس میں ہے جذبۂ ایثار چلو دیکھیں گے

جن کے سائے میں بڑا دل کو سکوں ملتا تھا

کیا سلامت ہیں وہ اشجار چلو دیکھیں گے

وقت کی دھند میں ممکن ہے بچھڑ جائے گا

آدمی جو ہے ملنسار چلو دیکھیں گے

قدرداں اس کے ہنر کے ہیں ہزاروں پھر بھی

کیوں پریشان ہے فنکار چلو دیکھیں گے

ایک ہی گھر میں رہا کرتے تھے دونوں بھائی

کیوں کھڑی ہو گئی دیوار چلو دیکھیں گے

در و دیوار عمارت کے تو فولادی تھے

ہو گئی کیسے وہ مسمار چلو دیکھیں گے

اس کی گفتاری میں شامل ہے صداقت کی مہک

کون ہے صاحب کردار چلو دیکھیں گے

پیٹھ پہ وار نہیں کرتا سپاہی کوئی

کون ہے فوج کا سالار چلو دیکھیں گے

جس کی عظمت کا بیاں تم نے سنا ہے اے عزیزؔ

اپنی آنکھوں سے وہ دربار چلو دیکھیں گے

مزید غزلیں از عزیز خاں عزیز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں