پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عزیز پریہار کی غزلیں — Azeez Prihar Ghazals

عزیز پریہار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا کچھ مجھ کو پڑھا پھر مجھے پڑھنا نہ پڑے (غزل)

ایسا کچھ مجھ کو پڑھا پھر مجھے پڑھنا نہ پڑے

مجھ سے کچھ ایسا کرا کچھ کبھی کرنا نہ پڑے

پاؤں رکھوں میں جہاں بھی وہ زمیں ہو میری

اجنبی راہوں پہ یا رب مجھے چلنا نہ پڑے

لوگ مر جاتے ہیں جینے کی تمنا لے کر

زندہ رہنے کی جو خواہش ہو تو مرنا نہ پڑے

چاند ہو اور نہ زمیں ہو نہ ستارے نہ فلک

مجھ کو اس شہر میں یا رب کبھی رہنا نہ پڑے

تیری چوکھٹ پہ جو آؤں میں زیارت کے لئے

میرے مولا مجھے پھر گرنا سنبھلنا نہ پڑے

ہمیں اب خواب میں جینا پڑے گا (غزل)

ہمیں اب خواب میں جینا پڑے گا

یہ سودا تو بہت مہنگا پڑے گا

بدلنا چاہتے ہو رخ ہوا کا

ہوا کے ساتھ بھی چلنا پڑے گا

ابھی سے کیا بتائیں دیکھ لینا

کسی دیوار کا جھگڑا پڑے گا

گھروں کو اوڑھ لینے سے بھلا کیا

گھروں سے دور بھی رہنا پڑے گا

قدم جب لڑکھڑائیں گے تمہارے

وہی رستہ تمہیں سیدھا پڑے گا

سنہری دھوپ کا منظر (نظم)

سنہری دھوپ کا منظر

گئے موسم کی شادابی

شفق کی ریشمی گرہیں

چاند کے پہلو میں لپٹی سبز شاخیں

کسی ٹوٹے ہوئے تارے کی دھندلی سی لکیریں

نقش جن کے ریت پر بہتے رہے برسوں

سفر کی دائمی خوشبو

میں جس کی آرزو لے کر تمہارے پاس آیا تھا

کتاب دل کی وہ دھڑکن

تمہارے نام لکھتا ہوں

پروں پر تتلیوں کے تیرتی سرگم

جو لفظوں میں کبھی ڈھلنے نہ پائی

وہ مدھم ساز کی جنبش

اجالے صبح کے دستک ہواؤں کی

میں اپنی سوچ کی ٹیڑھی لکیریں

جو کبھی آئیں صدا بن کر

خلا بن کر جو لوٹی ہیں

کسی بے نام صحرا میں

گزرتی ساعتوں کی تلخیاں رعنائیاں

آوارگی اپنی

طلسم آگہی کے خواب پیکر

پھول تتلی رنگ بارش قہقہے

خزانے لفظ و معنی کے

سلیقے گفتگو کے

نرم لہجے کی رواں لہریں

محبت کی پرانی داستاں

تم نے کہی میں نے سنی

میں نے کہی تم نے سنی

مجھے اب سرخ رو کر دو

مرے سب خواب چوری ہو گئے ہیں

خواب کی منزل نیا اک خواب ہے

مرے دامن میں خوابیدہ

نہ جانے کتنے خاکے کتنے نقشے

آخری سانسوں پہ ہیں

تصویر ان خوابوں کی اب میں سونپ کر تجھ کو

نیا اک باب لکھتا ہوں

مزید غزلیں از عزیز پریہار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں