ازبر سفیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لوگ آئے ہی نہیں مجھ کو میسر ایسے (غزل)
لوگ آئے ہی نہیں مجھ کو میسر ایسے
جو مجھے کہتے کہ ایسے نہیں ازبرؔ ایسے
جیسا میں ہوں مرے چہرے کی ہنسی جیسی ہے
غور سے دیکھ کہ ہوتے نہیں جوکر ایسے
تیز دوڑا کے اچانک مری رسی کھینچی
اس نے سمجھایا مجھے لگتی ہے ٹھوکر ایسے
آنکھ کھلنے پہ جو اٹھتا ہوں تو چکراتا ہوں
کون دیتا ہے مجھے خواب میں چکر ایسے
زلف ایسی کے سیاہ ریشمی جنگل کوئی
نین اس شخص کے ہیں سرمئی مرمر ایسے
کوئی تو ہوتا جو سینے سے لگا کر کہتا
بات تھی بات کو لیتے نہیں دل پر ایسے
کس نے سوچا تھا کہ کمروں میں فقط چپ ہوگی
کس نے سوچا تھا کہ گزرے گا ستمبر ایسے
ہائے آخر میں وہی حادثہ پیش آیا سفیرؔ
ہمیں کہنا پڑا لکھے تھے مقدر ایسے
چھوڑو یہ بات چیت بھی کس کا ہے کیا ہوا (غزل)
چھوڑو یہ بات چیت بھی کس کا ہے کیا ہوا
اچھا ہوا ہے یار جو اچھا برا ہوا
دھیرے سے چلنا چاہیے تھا بھاگنے لگے
ہم نے خراب کر لیا رستہ بنا ہوا
آنکھوں کا لمس جسم کے ہاتھوں میں سونپ کر
اس نے چراغ گل کیا آدھا جلا ہوا
آدھا ادھورا ہجر جوانی چبا گیا
آدھے ادھورے عشق میں بچپن ہوا ہوا
دل کا معاملہ بھی ہے کچھ اس طرح کا دوست
تازہ سا ایک زخم ہو جیسے دکھا ہوا
چکرا رہے ہیں واقعی ہم یا مرے سفیرؔ
پنکھا سا گھومتا ہے فلک سے لگا ہوا