اشرف رفیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات ہے آپ کی غضب کی بات (غزل)
بات ہے آپ کی غضب کی بات
کاش فرماتے کوئی ڈھب کی بات
مختلف ہے زبان دشمن و دوست
ایک ہوتی نہیں ہے سب کی بات
جھنجھنا اٹھے ساز دل سب کے
الاماں تیرے زیر لب کی بات
آشیانہ کہاں کہاں یہ قفس
اب کسے یاد ہوگی جب کی بات
دل نے آخر نگاہ کو ٹوکا
بے ادب کہہ گیا ادب کی بات
درد دل پوچھ درد والوں سے
جاں بہ لب جانے جاں بہ لب کی بات
موسم گل پہ تبصرہ ہے عبث
غنچہ و گل سے تم نے کب کی بات
سب کے لب پر ہیں تذکرے کل کے
کوئی کہتا نہیں ہے اب کی بات
شمع روشن ہوئی ہے آخر شب
صبح کو یاد آئی شب کی بات
دل کو بھائی بس ان کی بات اشرفؔ
یوں تو سننے کو سن لی سب کی بات
تردد میں ہیں سب کعبوں کا بت خانوں کا کیا ہوگا (غزل)
تردد میں ہیں سب کعبوں کا بت خانوں کا کیا ہوگا
مجھے یہ فکر ہے گمراہ انسانوں کا کیا ہوگا
بہار آتے ہی پہلی بات یہ کہتے ہیں دیوانے
چمن آراستہ ہے ہائے ویرانوں کا کیا ہوگا
حقیقت پھر حقیقت ہے سمجھ لو سوچ لو تم بھی
زباں کھولیں گے ہم جس وقت افسانوں کا کیا ہوگا
غریبوں کو جگہ ملتی نہیں ہے سر چھپانے کو
یہی عالم رہا کچھ دن تو ایوانوں کا کیا ہوگا
بھلا یہ آبروئے جام و مینا رہ بھی سکتی ہے
اگر مے خوار اٹھ جائیں تو مے خانوں کا کیا ہوگا
ہمارے دم سے طوفانوں کا زور و شور قائم ہے
ہمارے ڈوبنے کے بعد طوفانوں کا کیا ہوگا
اسیروں کی رہائی سے کوئی خطرہ نہیں لیکن
نگہبانوں کو یہ ڈر ہے کہ زندانوں کا کیا ہوگا
یہ تبدیلی نظام میکدہ پر ظلم ہے ساقی
تو آنکھوں سے پلا دے گا تو پیمانوں کا کیا ہوگا
بجھا کر شمع خود ہی دیکھ لو اشرفؔ سے مت پوچھو
بجھے گی شمع محفل جب تو پروانوں کا کیا ہوگا
سر سنگیت (نظم)
سر سنگیت
تال و سر
سب سمے کا روپ
مور ہاتھی
مرگ نرسہم
سب گتی پر تال کی ناچا کریں
اور پرم آنند میں جھوما کریں
تا تا دھن دھن تا تا دھن دھن
تال جوڑے تال توڑے
سر کے سارے بھید
سر سمائے انگ انگ
سر کے قیدی صوت و آہنگ
کیا سمندر
کیا حجر
اور کیا شجر
جن و پری زاد و بشر
بے زباں مضراب و تار و بانس و برگ
ڈھول مردنگ
طبل و طبلہ
عود و چنگ