اشرف مولا نگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوچوں کی گہری جھیل میں اترا ہوا ہوں میں (غزل)
سوچوں کی گہری جھیل میں اترا ہوا ہوں میں
پوچھو نہ کس خیال میں ڈوبا ہوا ہوں میں
کب تک مرے وجود کی ڈھونڈو گے کرچیاں
شیشے کی طرح ٹوٹ کے بکھرا ہوا ہوں میں
پرسش ضرور ہوگی یہ میدان حشر میں
ماضی کو سوچ سوچ کے سہما ہوا ہوں میں
کیا پوچھتے ہو مجھ سے دل مضمحل کا حال
رنگ خیال یار سے بہلا ہوا ہوں میں
بے نام منزلوں کا پتہ کس سے پوچھئے
اشرفؔ یہ کیسی راہ میں کھویا ہوا ہوں میں
ذرا سی روشنی کے واسطے اے مہرباں میں نے (غزل)
ذرا سی روشنی کے واسطے اے مہرباں میں نے
جلا ڈالا ہے دیکھو خود ہی اپنا آشیاں میں نے
ستم دیکھو اسی نے زہر گھولا زندگانی میں
جسے سمجھا کیا اب تک رفیق و راز داں میں نے
نہ پوچھو کتنے ارمانوں کی لاشیں دفن کیں میں نے
سجائی ہیں تمناؤں کی کتنی ارتھیاں میں نے
قدم راہ محبت میں سنبھل کر دوستو رکھنا
لٹایا ہے اسی رستے میں اپنا کارواں میں نے
شباب آیا ہے اشرفؔ اب شبستان تصور پر
لہو دے دے کے سینچا تھا خیال گلستاں میں نے