اشرف علی اشرف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو حضرت شیخ فرمائیں محبت (غزل)
جو حضرت شیخ فرمائیں محبت
سبھی کو خوب سمجھائیں محبت
ضروری تو نہیں ہم زندگی میں
محبت کا ثمر پائیں محبت
مجھے گھیرا ہوا ہے نفرتوں نے
نہ دائیں ہے نہ ہے بائیں محبت
ہمارا مشورہ ہے ہر کسی کو
کہ نفرت بیچ کر لائیں محبت
مجھے ہاتھوں کو ان کے چومنا ہے
وہ خوش ہیں کہ جو جو پائیں محبت
نہیں گر لازمی تو اختیاری
نیا مضمون رکھوائیں محبت
وہ جس کے گال پہ چھوٹا سا تل ہے
اسی لڑکی کو سمجھائیں محبت
زمین و آسماں کو چھان مارا
کہاں سے ڈھونڈ کر لائیں محبت
چلو ہم جا کے دلی میں رہیں اب
اگائیں پیار اور کھائیں محبت
ہم بھی کچھ کچھ خراب ہو جائیں (غزل)
ہم بھی کچھ کچھ خراب ہو جائیں
دور سارے حجاب ہو جائیں
چاند بادل کی اوٹ سے نکلے
غم یہ سارے نقاب ہو جائیں
کچھ تو اپنی نظر بھی آوارہ
کچھ اب وہ ماہتاب ہو جائیں
کون پھر ان سے دل کی بات کہے
جب وہ عالی جناب ہو جائیں
چھو کے نکلیں جو تیرے ہونٹوں کو
لفظ سارے گلاب ہو جائیں
دھاندلی کر کے ہی سہی لیکن
ہم ترا انتخاب ہو جائیں
وہ تو دیوی ہے حسن کی اشرفؔ
اس کو دیکھے ثواب ہو جائیں